باجوڑ میں ٹیم 804 کا کھلاڑی آؤٹ قرار دینے پر جھگڑا، ایک ہلاک
باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں باجوڑ کرکٹ لیگ فائنل میچ کے دوران ٹیموں کے حامیوں کے درمیان جھگڑے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، جھگڑے میں ملوث چھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں بی سی ایل کے فائنل میچ کے دوران تماشائی آپس میں لڑپڑے، پولیس کے مطابق بی سی ایل کے فائنل میچ کے دوران تھرڈ امپائر نے ٹیم 804 کے کھلاڑی کو آؤٹ قرار دیا جس پر دونوں ٹیموں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے حمایتی تماشائی بھی آپس میں لڑپڑے جس سے اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا۔
تماشائیوں نےایک دوسرے پر کرسیاں اور ڈنڈے برسائے جبکہ تھوڑ پھوڑ بھی کی گئی جس سے پویلین کے شیشے ٹوٹ گئے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان بھگڈر اور تشدد کے نتیجے میں 50 سالہ فضل واحد جاں بحق جبکہ 3 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، زخمی پولیس اہلکاروں میں ڈی ایس پی عبدالعزیز اور سہیل سالارسمیت دیگر شامل ہیں۔
ایف سی اور باجوڑ پولیس کے جوانوں نے حالات کو کنٹرول کیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ جھگڑے کے باعث میچ روک دیا گیا۔
دوسری جانب پولیس نے 6 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ مزید افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
بعد ازاں سٹیڈیم سے تماشائیوں کو نکال کر خالی کیا گیا اور حالات کو کنٹرول کرلیا گیا، جاں بحق شخص کی شناخت فضل واحد عبد الطیف عمر 50 سال سکنہ نیاگ ماموند ضلع باجوڑ کے نام سے ہوئی ہے۔
Comments are closed on this story.