پاک بحریہ کے جہاز نے خلیج عدن میں 23 ایرانی ماہی گیروں کو بچا لیا
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے خلیج عدن میں 23 ایرانی ماہی گیروں کو بچا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس ذوالفقار کو ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرول کے دوران ایرانی ماہی گیر کشتی ال محمدی کی جانب سے ہنگامی مدد کی کال موصول ہوئی۔
ایرانی کشتی نے اپنی بندرگاہ سے 1200 ناٹیکل میل پر ایک رکن کے شدید زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ انجن کے خراب ہونے کی اطلاع دی، پی این ایس ذوالفقار کے عملے نے فوری طور پر ماہی گیروں کو طبی اور تکنیکی مدد فراہم کرتے ہوئے انجن کی مرمت کی۔
واضح رہے کہ تعیناتی کے دوران پاک بحریہ کے جہاز سمندر میں متاثرہ بحری جہازوں کو ریسکیو کرتے ہیں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی آپریشن بحری جہازوں کی حفاظت اور سلامتی کے حوالے سے پاک بحریہ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
پاک بحریہ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول پر باقاعدگی سے تعینات ہے۔