لاہور میں اسموگ کی وجہ سے خصوصی اور بیمار بچوں کو اسکول آنے سے روک دیا گیا
پنجاب حکومت نے اسموگ کی صورتحال کے پیش نظر خصوصی بچوں اور مختلف امراض میں مبتلا بچوں کو اسکول آنے سے روک دیا جبکہ خصوصی تعلیم کے تمام اسکولوں کو آن لائن کلاسز کے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
سینٸرصوباٸی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کے مطابق اسموگ کی صورت حال پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر خصوصی بچوں اور مختلف امراض میں مبتلا بچوں کو اسکول سے چھٹیاں دینے کا پلان تیار کرلیا گیا، خصوصی تعلیم کے تمام اسکولوں کو آن لائن کلاسز کے انتظامات کرنے کی ہدایت کردی ہے، سانس، الرجی اور دل کے مریض بچوں کی صحت کے حوالے سے اقدام کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ سیکٹرل اسموگ مٹگیشن“ کے تحت اسموگ کنٹرول کے اقدامات کیے گئے ہیں، گرین لاک ڈاؤن کے علاقوں میں اسموگ کے تدارک کے لیے کام جاری ہے، گرین لاک ڈاؤن والے اسکولوں کو 3 دن کے کے لیے بند کیا جا سکتا ہے۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انسداد اسموگ کے لیے جامع روڈ میپ دے دیا ہے، تمام اداروں کو ٹاٸم لاٸن کے ساتھ اہداف بھی تفویض کر دیے گئے ہیں ، 6 ماہ سے روزانہ کی بنیاد پرانسداد اسموگ ڈیش بورڈ سے محکموں کی کاررکردگی خود مانیٹرکررہی ہیں، اسموگ رولز کی خلاف ورزی پر پنجاب بھر میں 9 بھٹے مسمار اور 4 انڈسٹریل یونٹس گرادیے ہیں۔
اسموگ کے خاتمے کیلئے کسانوں میں ’سپر سیڈر‘ تقسیم کررہے ہیں، مریم نواز
انہوں نے بتایا کہ محکمہ ماحولیات کے اسکوارڈز رات بھر دریائے راوی کے بیڈ پر ریت کی ٹرالیوں کی مناسب فلنگ کی مانیٹرنگ کرتے ہیں، لاہور میں ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اسموگ کا باعث بننے والے تمام ذرائع کو ختم یا کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، 40 لاکھ سے زاٸد درخت لگائے گٸے، ان درختوں کی بقا کے لیے 24 گھنٹے ڈیجیٹل سرویلینس کی جارہی ہے، 170 دھواں دیتی گاڑیوں کی انسپیکشن، 60 کے چالان، 9 کلیمپ جبکہ 120000 روپے کے جرمانے کیے ۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شملہ پہاڑی کے علاقے میں گرین رنگ کے اندر گرین لاک ڈاٶن کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے آج سے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، عوام سے درخواست ہے کہ گرین لاک ڈاؤن کے حوالے سے تعاون کریں، یہ آپ کی زندگیوں کے تحفظ کا سوال ہے، شملہ پہاڑی کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 229 ریکارڈ کی گئی، گرین لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد جاری، نادرا آفس سمیت مختلف مقامات پر صفر پارکنگ دیکھی گئی۔
مریم نواز نے اسموگ کے خاتمے کیلئے بھارت کے ساتھ سفارتکاری کا اعلان کردیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ گرین لاک ڈاٶن ایریا میں گزشتہ شب ڈورنڈ روڈ پر اسموگ کی خلاف ورزی پر دو باربی کیو ریسٹورنٹس سیل کردیے، گرین لاک ڈاؤن ایریا میں تعمیراتی امورپر پابندی اور دفاتر میں چلنے والے ڈیزل جنریٹرز کی انسپیکشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے، تمام ترقیاتی منصوبوں میں 1 فیصد روڈ شولڈرز پر ٹری پلانٹیشن کو ہر صورت یقینی بنایا جارہا ہے، مونجی جلانے والوں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت پہ عمل درآمد جاری ہے، عوام سے التماس ہے کہ ہرقسم کے دھویں کو 1373پررپورٹ کریں محکمہ فوری ایکشن کرے گا۔