Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

فخر زمان کی مشکلات جلد ختم ہونے کا امکان

فخر زمان کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے رویے میں نرمی آگئی
شائع 31 اکتوبر 2024 09:14am

بابر اعظم کو ڈراپ کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر بیان دینے والے پاکستان کے جارح مزاج اوپننگ بیٹر فخر زمان کی مشکلات جلد ختم ہونے کا امکان ہے، فخر زمان کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے رویے میں نرمی اور لچک آئی ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بابر اعظم کو باہر کرنے کے بعد فخر زمان نے ان کی حمایت میں ٹوئٹ کیا تھا جس کے بعد انہیں ناصرف آسٹریلیا کے دورے سے باہر کیا گیا بلکہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی محروم ہوگئے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی پریس کانفرنس میں تصدیق کی تھی کہ فخر کی فٹنس اور ان کا ٹوئٹ بھی مشکلات کا باعث بنا ہے۔

تاہم اب مؤخر کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی فخر زمان کا معاملہ جلد حل کرلے گا۔

قومی کرکٹر فخرزمان کو بابراعظم کے حق میں ٹوئٹ کرنے پر شو کاز نوٹس جاری

ذرائع کے مطابق فخر زمان نے شوکاز کے جواب میں اپنا مؤقف واضح انداز میں پیش کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے معاملے کو منطقی حل دینے کے اشارے ملے ہیں۔ اگلے چند دنوں میں فخر زمان کے ایشو پر پیش رفت کا امکان ہے۔

فخر زمان کو ٹیم سے باہر کرنے کے بعد سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ کی جانب سے بھی پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور شائقین انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ فخر زمان نے ریٹائرمنٹ پر غور شروع کردیا ہے، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن پالیسی میں دوہرے معیار سے ناخوش ہیں۔

ذرائع کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ فخر نے اپنے قریبی لوگوں سے انٹرنیشنل کرکٹ سے ممکنہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں مشاورت شروع کر دی ہے۔

babar azam

Fakhar Zaman

Pakistan Cricket Team

Baber Azam