امریکا نے لطیف کھوسہ کے ڈونلڈ لو پر الزامات پھر مسترد کردیے
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ کے امریکی سفیر ڈونلڈ لو پر الزامات اور ان کے دعوؤں کو مسترد کردیا، انہوں نے ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عہدے سے ہٹانے میں امریکا کا کوئی کردار نہیں۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھو ملر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کتنی بار کہوں کہ سابق وزیراعظم کے خلاف کارروائی پاکستانی عدالتوں کا معاملہ ہے، سابق وزیراعظم کے الزامات سے متعلق فیصلہ بھی پاکستان کی عدالتوں نے ہی کرنا ہے۔
میتھو ملر نے مزید کہا کہ یہ بات ہم کئی بار کہہ چکے ہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عہدے سے ہٹانے میں امریکا کا کوئی کردار نہیں، پاکستانی سیاست کا معاملہ پاکستانی عوام کو اپنے قانون اور آئین کے مطابق طے کرنا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ کےامریکی سفیر ڈونلڈ لو پر الزامات اور ان کے دعوؤں کو بھی مسترد کردیا۔
قبل ازیں ان سے سوال کیا گیا کہ پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ کے منتخب ہونے پر عمران خان کو رہا کردیا جائے گا اور سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوجائے گا اور یہ کہ امریکی سفیر ڈونلڈ لو عمران خان کی حکومت کے خاتمے کی سازش میں ملوث تھے، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کتنی بار کہوں کہ یہ سچ نہیں ہے۔