Aaj News

جمعرات, جنوری 02, 2025  
02 Rajab 1446  

بنوں میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، میجر اور 2 سپاہی شہید

آپریشن میں 8 خارجہ ہلاک اور 7 زخمی ہوئے، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2024 11:17pm

سکیورٹی فورسز کی جانب سے بنوں کے علاقہ بکاخیل میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، اس دوران 8 خوارج مارے گئے جبکہ 7 زخمی کردیے گئے۔ تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلہ میں ایک میجر اور دو سپاہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔

آپریشن کے دوران شہید میجر عاطف خلیل آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے، ان کے ساتھ نائیک آزاد اللہ اور لانس نائیک غضنفر عباس بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر عاطف خلیل شہید کا تعلق ضلع سدھنوتی آزاد کشمیر سے ہے اور ان کی عمر 31سال ہے۔

میجر عاطف خلیل شہید نے 8 سال سے زائد عرصے تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، انہوں نے سوگواران میں والدین، بہن بھائی، اہلیہ اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔

نائیک آزاد اللہ شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے اور ان کی عمر 36 سال ہے۔ نائیک آزاد اللہ شہید نے اپنی زندگی کے 15 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن عزیز کا دفاع کیا۔ ان کے سوگواران میں اہلیہ ، دو بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔

35 سالہ لانس نائیک غضنفر عباس شہید کا تعلق ضلع لیہ سے ہے، انہوں نے 14 سال تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔ نائیک غضنفر عباس شہید کے سوگواران میں اہلیہ، بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کا ژوب میں آپریشن، ایک خارجی ہلاک ایک زخمی

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں خوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک خوارجی ہلاک اور زخمی ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ شدید تبادلہ ہوا۔

آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن واستحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنادیں گی۔

ISPR

بلوچستان

Zhob

security forces operation