بھارت میں تلوار کے ایک ہی وار سے نوجوان کا سر قلم
بھارت کی ریاست اتر پردیش میں تلوار کے ایک ہی وار سے ایک نوجوان کا سر قلم کردیا گیا۔ ضلع جونپور میں رونما ہونے والا یہ واقعہ زمین کے تنازع کا شاخسانہ ہے۔
انوراگ یادو بدھ کی صبح اپنے گھر کے باہر دانت صاف کر رہا تھا کہ اُس کا پڑوسی لالتا یادو پیچھے سے آیا اور تلوار کے ایک ہی وار سے اُس کا سر قلم کرکے فرار ہوگیا۔
سینیر پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیا اور مفرور ملزم کے والد کو حراست میں لے لیا۔ مقتول انوراگ یادو مقامی کالج میں انٹرمیڈیٹ کا طالب علم اور پروفیشنل تائی کوانڈو پلیئر تھا۔ اس نے چنڈولی میں منعقدہ بھارت نیپال انٹرنیشنل تائی کوانڈو مقابلوں میں کانسی کا تمغہ اور نوئیڈا میں منعقدہ اوپن نیشنل میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
گاؤں کے سرپنچ نے بتایا کہ زمین کے ایک ٹکڑے کی ملکیت کے حوالے سے انوراگ یادو اور لالتا یادو کے گھرانوں کے درمیان چپقلش چل رہی تھی۔ انوراگ یادو کے قتل نے اُس کے اہلِ خانہ کو شدید خوف میں مبتلا کردیا ہے۔