حکومت کی جانب سے لاہور میں گرین لاک ڈاؤن نافذ، لیکن عوام بے خبر
محمکہ ماحولیات پنجاب نے بڑھتی ہوئی سموگ اورفضائی آلودگی کو کم رکھنے کیلئے لاہور میں گرین لاک ڈاون لگا دیا ہے، لیکن عوام نے اس پابندی ہو دھویں میں ہی اُڑا دیا۔ آج نیوز کی خبر پر لاہور انتظامیہ کو ہوش آیا تو تجاوزات اور گاڑیوں کے خلاف ایکشن شروع کردیا گیا۔
محکمہ ماحولیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیوس روڈ، ایجرٹن روڈ، ڈیورنڈ روڈ اور کشمیر روڈ ہاٹ سپاٹ ایریا میں شامل ہیں، اس کے علاوہ شملہ پہاڑی سے گلشن سنیما اور ایبٹ روڈ بھی ہاٹ سپاٹ ایریا میں شامل ہیں۔
شملہ پہاڑی سے ریلوے اسٹیشن اور ایمپریس روڈ بھی ہاٹ سپاٹ ایریا ڈکلئیر کر دئیے گئے ہیں، کوئین میری روڈ اور اس کے اطراف کو بھی آلودگی والےعلاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ علاقوں میں تعمیراتی کاموں پر مکمل طور پر پابندی ہوگی، کمرشل جینریٹرز ان علاقوں میں نہیں چلائے جائیں گے اورچنگ چی رکشوں کا ان علاقوں میں جانا سختی سے بند رہے گا۔
اس کے علاوہ اوپن باربی کیو پر رات آٹھ بجے کے بعد پابندی ہوگی۔
لاہور میں گرین لاک ڈاؤن تو نافذ کردیا گیا لیکن عوام اس سے سراسر بے خبر ہے، شہر میں نہ چنگچی رکشے رکے اور نہ ہی کھابوں کو بریک لگی، لکڑی اور کوئلے پر باربی کیو اور کڑاہی کی تیاری بھی جاری ہے، ساتھ ہی پارکنگ اور تجاویزات کی صورتحال میں بھی کوئی تبدیلی نہ ہوئی۔
گرین لاک ڈاؤن لگانے سے چنگی رکشہ چلانے والے پریشان نظر آتے ہیں، بار بی کیو کے کاروبار سے وابستہ افراد میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ اسموگ ہرسال آتی ہے کاروبار کیسے بند کریں۔
تعمیراتی کام بںد ہونے سے مزدور طبقہ بھی پریشان ہے۔
محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں سیکشن 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed on this story.