نئی ٹیسٹ رینکنگ میں سعود شکیل کی لمبی چھلانگ، ساجد اور نعمان کی بھی ترقی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی پلیئرز رینکنگ میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل، نعمان علی اور ساجد خان کی ترقی ہوگئی، راولپنڈی ٹیسٹ کے سینچری میکر سعود شکیل پہلی بار ٹاپ 10 بیٹرز میں شامل ہوگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی، جس کے مطابق پاکستان کے بیٹر سعود شکیل بیٹنگ لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے ٹاپ ٹین میں آگئے۔
آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے مطابق سعود شکیل 20 درجے ترقی کے بعد 7 ویں نمبر پر آگئے جبکہ بابر اعظم بھی ایک درجہ ترقی پاکر 19 سے 18 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
سعود شکیل نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی 5 اننگز میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 280 رنز اسکور کیے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
ٹیسٹ بیٹرز میں انگلینڈ کے جوروٹ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کا دوسرا نمبر ہے، بھارت کے نوجوان یشسوی جیسوال ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ ویرات کوہلی 6 درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا بھی ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، راچن رویندرا 8 درجے ترقی کے بعد 10 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمرا کی پہلی پوزیشن چھن گئی، جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا نمبر ون بولر بن گئے، ان کی رینکنگ میں 3 درجے ترقی ہوئی ہے۔
جسپریت بمرا تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
بھارت کے روی چندرن ایشون دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے جبکہ پاکستان کے نعمان علی 8 درجے ترقی کے بعد ٹاپ ٹین میں آگئے ان کی ٹیسٹ بولروں میں 9 ویں پوزیشن ہے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ہیرو ساجد خان رینکنگ میں 12 درجے چھلانگ لگا کر 38 ویں نمبر پر آگئے۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، روی چایشون دوسرے اور مہدی حسن میراز تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ نعمان علی 5 درجہ ترقی کے بعد پہلی بار ٹاپ 20 میں آگئے۔
Comments are closed on this story.