Aaj News

بدھ, اکتوبر 30, 2024  
26 Rabi Al-Akhar 1446  

بینائی سے محروم معمر جوڑے نے گھر میں بیٹے کی لاش کے ساتھ بے خبری میں چار روز گزار دیے

پرامود کی موت ممکنہ طور پر چار سے پانچ دن پہلے نیند کی حالت میں ہوئی
شائع 30 اکتوبر 2024 11:40am
—فوٹو: این ڈی ٹی وی
—فوٹو: این ڈی ٹی وی

ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں ایک معمر جوڑے کو اپنے بیٹے کی موت کا علم چار دن بعد ہوا۔ یہ واقعہ نابینا افراد کے لیے مخصوص کالونی میں پیش آیا، جہاں بینائی سے محروم کلووا رامانا اور ان کی اہلیہ شانتی کماری اپنے چھوٹے بیٹے پرامود کے ساتھ ایک کرائے کے فلیٹ میں رہتے تھے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پڑوسیوں نے قریبی فلیٹ سے ناخوشگوار بُو محسوس کی۔ اس بو کی وجہ سے انہیں تشویش ہوئی اور انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔

آئی اے این ایس کے مطابق 30 سالہ پرامود کی اہلیہ بیٹیوں کے ہمراہ علیحدہ ہو چکی تھی اور پرامود شراب کا عادی تھا اور وجہ سے ان کی صحت بگڑ گئی تھی۔

ناگول پولیس اسٹیشن کے ہیڈ آفیسر سوریا نائیک نے بتایا کہ کلووا رامانا اور شانتی کماری کی عمریں 60 برس سے زائد ہیں۔ وہ اپنے بیٹے کو کھانا اور پانی دینے کے لیے بار بار پکارتے رہے، لیکن انہیں جواب نہیں ملا۔ ان کی آواز کی شدت کم ہونے کی وجہ سے پڑوسی بھی ان کی مدد کے لیے توجہ نہیں دے سکے۔

جب پولیس فلیٹ میں پہنچی تو بزرگ میاں بیوی نیم بے ہوشی کی حالت میں تھے۔ انہیں فوری طور پر ریسکیو کر کے کھانا اور پانی فراہم کیا گیا۔

سوریا نائیک نے مزید بتایا کہ پرامود کی موت ممکنہ طور پر چار سے پانچ دن پہلے نیند کی حالت میں ہوئی۔ ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ موت کی صحیح وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

اس دلخراش واقعے کے بعد، بزرگ میاں بیوی کو حیدرآباد میں ایک دوسری جگہ رہنے والے ان کے بڑے بیٹے پرادیپ کے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔

death

ٰIndia