Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فواد چوہدری سمیت بہت سے لوگ پی ٹی آئی لیڈرشپ کو بدنام کرنا چاہتے ہیں،شیخ وقاص اکرم

ہم ہر صورت میں 27ویں ترمیم کی مخالفت اور اسے روکنے کی کوشش کریں گے، شیخ وقاص اکرم
اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2024 03:32am

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کا عمران خان کو جیل سے رہا کرانے کی کوشش کرنا سیاست نہیں ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائٹ وِد عامر ضیاء“ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ صرف فواد چوہدری ہی نہیں بلکہ بہت سے ایسے لوگ ہیں جو ایک منظر پروپیگنڈے کے تحت موجودہ پارٹی لیڈر شپ کو بدنام کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایسا ممکن نہیں ہے کیونکہ لوگوں کی یادداشت اتنی پرانی نہیں ہے۔ نو مئی کے بعد کیا ہوا، کون کس کو چھوڑ کر کس پارٹی میں چلا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیڈر ایک ہی ہے اور اس کا نام عمران خان ہے، باقی سب کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ اگر کوئی اپنی ذمہ داری نہیں نبھائے گا تو عمران خان اس کو تبدیل کردیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بطور اہلیہ اگر بشریٰ بی بی اپنے خاوند کو جیل سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ سیاست کر رہی ہیں۔

سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت نے 26ویں ترمیم میں ’چولیں ماری ہیں‘، اور ’کسی پاگل آدمی سے لکھوائی ہیں جس نے قانون کی حساسیت نہیں دیکھی۔‘ ہم ہر صورت میں 27ویں ترمیم کی مخالفت اور اسے روکنے کی کوشش کریں گے۔