Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

بے گناہ طالبعلموں کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو سزائے موت

دونوں دوست شوارما کھا کر گھر جارہے تھے کہ پولیس ملازمین نے فائرنگ کردی
شائع 28 اکتوبر 2024 09:37pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

فیصل آباد کے ایڈیشنل سیشن جج  نے دو بے گناہ طالبعلموں کو قتل کرنے والے چار پولیس اہلکاروں کو سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا ہے، ملزمان نے 2018 میں جھوٹے پولیس مقابلے میں دو طالبعلموں کو قتل کیا تھا۔ 

سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج سجیدہ اختر نے 2018 میں تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ میں دو طالبعلموں کے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل اصغر علی، کانسٹیبل فلک شیر، فیصل اور رضاکار وقاص کو سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا۔ جبکہ مقدمے میں نامزد پانچویں ملزم اے ایس آئی جاوید اختر کو بری کردیا۔

آٹھ اگست 2018 کو تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقے باغ والی پلی پر مقتول طالبعلم ارسلان اور عثمان شوارما کھا کر گھر جارہے تھے کہ پولیس ملازمین نے فائرنگ کردی۔ جس سے دونوں طالبعلم موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ جس کے بعد پولیس ملازمین نے واقعہ کو پولیس مقابلہ بنا دیا تھا۔