Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’جمعہ کو قومی اسمبلی میں ایک اہم بل پیش کیا جائے گا‘

پیپلز پارٹی کے عبد القادر پٹیل نے اسد قیصر کو آڑے ہاتھوں لے لیا
شائع 28 اکتوبر 2024 08:01pm

پاکستان پیپلز پارٹی رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے انکشاف کیا ہے کہ جمعہ کو قومی اسمبلی اجلاس میں ایک اہم بل پیش کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا تو اسپیکر نے نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میرے انٹرویو کو سیاق سباق سے ہٹ کر ایک انگریزی اخبار نے شائع کیا ہے۔

اجلاس میں وزراء کی عدم موجودگی پر اراکین نے اعتراض اٹھایا تو وہاں پیپلز پارٹی کے نبیل گبول نے انکشاف کیا کہ جمعہ کو ایک اہم بل قومی اسمبلی میں لایا جارہا ہے۔

سابق اسپیکر اسد قیصر نے چھبیسویں آئینی ترامیم کی منظوری کے عمل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے بل کی سپورٹ کرنے والے پی ٹی آئی اراکین کی تصاویر ایوان میں لہراتے ہوئے کہا کہ ان لوٹوں کی وجہ سے ترمیم منظور ہوئی ہے اس کی کیا حیثیت ہوگی۔

عمران خان کو بہنوں کی ضمانت پر ڈیل کا خدشہ

پیپلز پارٹی کے عبد القادر پٹیل نے اسد قیصر کو آڑے ہاتھوں لیتے کہا کہ آج پانچ ووٹ دینے والوں کو لوٹا کہتے ہو کل صادق سنجرانی کو ووٹ دینے والے کیا لوٹے نہیں تھے۔

عبد القادر پٹیل کی تقریر کے دوران ہی ٹی آئی کے شیر افضل مروت نے کورم کی نشان دہی کردی۔ گنتی کرنے پر کورم پورا نکلا، تاہم اجلاس میں کسی ایجنڈا آئٹم پر بات نہ ہوسکی۔

ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس منگل کی صبح گیارہ بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔

National Assembly