Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور میں مصنوعی بارش سے بھی خطرہ، اسموگ سے حالت خراب

گردو غبار دھویں کے بادل آلودگی اور اسموگ نے لاہور شہر میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں
اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2024 01:32pm

لاہور میں اِس وقت آلودگی اور اسموگ کا راج برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کو بھی مصنوعی بارش کے لیے ناساز قرار دے دیا ہے۔

گردو غبار دھویں کے بادل آلودگی اور اسموگ نے لاہور شہر میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

محکمہ تحفظ ماحولیات نے تعلیمی اداروں کو آج سے صبح 8 بجکر 45 منٹ پر کھولنے کا حکم دیا ہے،جس پر محکمہ تعلیم کی ٹیمیں عمل کروانے میں مصروف ہیں۔

لیکن موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے دھویں کے خلاف ایکشن پر عمل کم ہی ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ بیشتر دھواں چھوڑتی گاڑیاں مرکزی شاہراہ پر دندناتی پھرتی نظر آتی ہیں۔

آلودگی کے خاتمے کے لیے محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کو بھی مصنوعی بارش کے لیے ناسازگار قرار دیا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس کہتے ہیں حکومت کو ٹریفک کے دھویں پر قابو پانے کے لیے مؤثر حکمت عملی بنانی ہوگی۔

لاہور کا صبح کے وقت ائیر کوالٹی انڈیکس 523 ریکارڈ ہوا اور عالمی آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر برقرار ہے۔

سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی اپیل

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہوریوں کے لئے ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شہریوں کو ماسک پہننے، کھڑکیاں، دروازے بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی، امرتسر اور چندی گڑھ کی اسموگ تیز ہوا کے نتیجے میں لاہور میں داخل ہو رہی ہے۔

سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کہتی ہیں گزشتہ روز ہوا تھمتے ہی لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 800 سے 191 پر آ گیا۔

بچے ماسک پہنیں، امرض قلب اور سانس کے مریض کھلی ہوا میں نہ جائیں، بھارت سے چلنے والی 7 کلومیٹر فی گھنٹہ تیز رفتار سے ہوائیں لاہور میں داخل ہونے سے آلودگی میں یکدم اضافہ ہوتا ہے۔ بھارتی علاقوں میں فصل کی باقیات جلانے سے آلودگی بڑھی، تیز ہوا سے لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس بھی متاثر ہو رہا ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ہر شہری سے ماسک پہننے کی اپیل کی ہے۔ اسموگ کی صورت حال میں بچوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے اسکول کا وقت صبح 8 بجکر 45 منٹ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ بچوں کو ماسک لازمی پہنائیں تاکہ انہیں موسمی شدت سے بچایا جا سکے۔ والدین اور سکول انتظامیہ سے اپیل ہے کہ حفاظتی انتظامات میں غفلت نہ برتیں۔ والدین بچوں کو ماسک کے بغیر سکول نہ لے جائیں، یہ بچوں کی صحت کی ضرورت ہے۔

پھیپھڑوں، سانس اور دل کے امراض میں مبتلا افراد اور بزرگ کھلی فضا میں نہ جائیں ہم سب کا تعاون ہی اس مشکل سے نجات دلانے میں سب سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

مریم اورنگزیب کی عوام سے اپنی گاڑیوں کوچیک کرنے،ٹریفک جام سے بچنے اورفصلوں کی باقیات کو نہ جلانے کی اپیل دھواں کرنے والی گاڑیاں کلیمپ ہونگی، کوٸی بھٹہ زگ زیگ کے بغیر نہیں چلے گا اور آگ لکانے والے گرفتار ہونگے۔ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کی کسی بھی خلاف ورزی پر شہری 1373 یا گرین ایپ پر فوری اطلاع دیں۔

smog

weather forecast

Artificial Rain

air quality index lahore