پی ٹی آئی کا سیاسی کمیٹی اجلاس: احتجاج سے متعلق پارٹی کی حکمت عملی تبدیل
پشاور میں ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، اجلاس میں عمران خان کی رہائی کے بارے میں سخت مؤقف رکھنے والے بیرون ملک مقیم پارٹی رہنماؤں کو سرے سے نظر انداز کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس پشاور کے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا، جس کی صدارت بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کی۔
ذرائع نے بتایا کہ سیاسی کمیٹی کے اس اجلاس میں بیرون ملک مقیم رہنماؤں کو شرکت کی دعوت ہی نہیں دی گئی، اجلاس میں قاسم سوری، شہباز گل اور زلفی بخاری شریک نہیں تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم رہنماؤں کے بانی چئیرمین کی رہائی پر سخت مؤقف کے پیش نظر ان کو دعوت ہی نہیں دی گئی۔
ذرائع کے مطابق عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اہم ملاقات کے لیے پہلے سے موجود تھے،دونوں سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سیاسی کمیٹی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ عمر ایوب سیاسی کمیٹی اجلاس میں ورچوئل شرکت نہیں کرتے تھے، ان کا مؤقف ہے کہ ورچوئل اجلاس سے اجلاس کی کارروائی لیک ہو جاتی ہے، آج کا سیاسی کمیٹی اجلاس ورچوئل نہیں تھا تاہم عمر ایوب نے مختصر وقت کے لیے شرکت کی۔
سیاسی کمیٹی اجلاس میں فردوس شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔
فردوس شمیم نقوی نے تجویز دی کہ پارٹی کی تنظیم سازی کا عمل ازسر نو کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگ پارٹی عہدوں پر ہیں جو ان عہدوں کے لائق نہیں ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے فردوس شمیم نقوی کی تجویز پر اعتراض کیا۔
سیاسی کمیٹی میں سلمان اکرم راجہ نے بانی چئیرمین کا پیغام رہنماؤں کو بتایا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی احتجاج کی حکمت عملی تبدیل ہوگئی ہے، پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق ازسر نو حکمت عملی بنائے گی۔
تحریک انصاف نےدوبارہ جلسے کرنے فیصلہ کا کیا ہے۔ سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ یکم نومبر کو پشاور جلسے میں مرکزی قیادت شریک ہوگی، 8 نومبر کو کوئٹہ میں جلسہ ہوگا، سلمان اکرم راجہ 6 نومبر کو این او سی کے لیے کوئٹہ جائیں گے۔
سیاسی کمیٹی نے نومبر کے تیسرے ہفتے میں کراچی میں جلسہ کرنے کی منظوری دی۔
اجلاس میں اتفاق ہوا کہ آئندہ تمام فیصلوں کی منظوری سیاسی کمیٹی سے لازمی لی جائے گی، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے قبل سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہو گا۔
Comments are closed on this story.