Aaj News

پیر, اکتوبر 28, 2024  
24 Rabi Al-Akhar 1446  

فخر زمان کو سینٹرل کنٹریکٹ کیوں نہیں دیا گیا؟ محسن نقوی نے بتا دیا

فخر زمان نے کرکٹ بورڈ کو اپنا وضاحتی بیان جاری کر دیا، محسن نقوی
شائع 27 اکتوبر 2024 07:35pm

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ دینے کی وجہ بیان کردی ہے، محسن نقوی نے بتایا کہ سابق کپتان بابر اعظم سے متعلق سوشل میڈیا پر بیان بازی اور خراب فٹنس کی وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا گیا۔

اتوار کو لاہور میں محمد رضوان کو ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کرنے کے لیے منقعدہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر پوسٹ یقینی طور پر ایک مسئلہ تھا لیکن اس سے زیادہ فخر زمان کو ان کی خراب فٹنس کی وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فخر زمان کو سوشل میڈیا پر بابر اعظم کے حق میں ٹویٹ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، فخر زمان نے سابق کپتان بابر اعظم کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ڈراپ کرنے کے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر تنقید کی تھی۔

غصیلی اور خطرناک آنکھوں کے چرچے پر ساجد خان کا دلچسپ جواب

چیئرمین پی سی بی نے اتوار کو کہا کہ فخر زمان کا ٹویٹ بھی ایک مسئلہ تھا لیکن اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنا فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فخر زمان نے کرکٹ بورڈ کو اپنا وضاحتی بیان جاری کر دیا تھا جو کہ انہوں نے ایک بہت اچھی بات کی ہے۔ ہم نے بھی پی سی بی کے بین الاقوامی امور کے شعبے میں ان کی اس وضاحت کی بنیاد پر معاملات طے کیے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑی سلیکشن کمیٹی کے فیصلوں پر تنقید نہیں کر سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فخر زمان کو شوکاز نوٹس موصول ہونے کے بعد فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کی ضرورت ہے۔

Fakhar Zaman

mohsin naqvi

central contract