Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایران میں اسرائیل کے حملے، 2 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق

تہران اور قریبی شہر کرج میں پانچ دھماکوں کی آواز سنی گئی
اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2024 03:47pm

ایرانی فوج نے صبح سویرے ہونے والے اسرائیلی حملوں میں اپنے دو فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے ایران کی فوج کی جانب سے جاری اعلامیے کو نشر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’گزشتہ رات ایران کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے اسرائیل کے میزائلوں کا مقابلہ کرتے ہوئے دو فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔‘

تاہم دیگر ایرانی خبر رساں اداروں نے اس بارے میں ابھی مزید تفصیلات شائع نہیں کیں۔

یو اے ای کی ایران پر حملے کی مذمت

ادھر متحدہ عرب امارات نے ایران پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کی ہے اور ساتھ ہی ساتھ ’زیادہ سے زیادہ تحمل‘ کا مظاہرہ کرنے پر بھی زور دیا ہے تاکہ خطے میں مزید کشیدگی نہ پھیلے۔

’عراق میں مسافر طیاروں کے لیے فضائی حدود کھول دی گئی‘

دوسری جانب عراق کے وزیر ٹرانسپورٹ رزاق محبیس نے ملکی فضائی حدود میں پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی تصدیق کی ہے۔

خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق عراقی وزارت ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’عراق میں شہری ہوابازی کی سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرات کا جائزہ لینے کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ نے تمام ہوائی اڈوں پر تمام مسافر طیاروں کے لیے فضائی حدود کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے۔

اس سے قبل ایران نے بھی فضائی حدود کو تھوڑی دیر پہلے بحال کر دیا تھا جنھیں حملے کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔

اسرائیلی حملوں سے ایران گونج اٹھا، پاسداران انقلاب ہیڈ کوارٹر کے قریب دھماکے

اسرائیل نے ایران پر حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے تہران میں ہونے والے دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔

تہران اور قریبی شہر کرج میں پانچ دھماکوں کی آواز سنی گئی۔ رپورٹس کے مطابق یہ دھماکے پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹر کے قریب ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے تہران کے قریب تین مقامات پر اسرائیل کے حملوں کو ناکام بنایا گیا، حملے ناکام بنانے کے لیے فضائی دفاعی نظام استعمال کیا گیا۔ دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق ایران کی فضائی حدود سے پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے، جس سے وہاں کی فضائی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی دارالحکومت تہران کے مغرب میں پانچ دھماکے سنے گئے ہیں، جبکہ خمینی ایئرپورٹ پر بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

شامی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا کہ دمشق اور حمص میں بھی متعدد دھماکے ہوئے، اور شامی فضائیہ میزائلوں کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ، عراقی شہروں دیالہ اور صلاح الدین میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ ایران میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ایران میں طے شدہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو حملوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے ایران، عراق اور شام میں حملوں سے پہلے وائٹ ہاؤس کو آگاہ کیا۔ دوسری جانب امریکا کا کہنا ہے اسرائیلی حملوں کے بارے میں مکمل آگاہ ہیں، صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ادھر وائٹ ہاؤس نے اسرائیل کے حملے کو اپنے دفاع کی مشق قرار دے دیا،

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملوں میں امریکہ شامل نہیں ہے، مگر اس نے ان حملوں کو تل ابیب کے حق دفاع قرار دے کر ان کی تصدیق کی ہے۔