Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’سنگترے چیک کریں‘، بھارتی کرکٹر کے ذومعنی اشتہار پر ہنگامہ

کینسر کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی مہم پر یو راج سنگھ اور ان کی این جی او پر سخت نکتہ چینی
شائع 24 اکتوبر 2024 06:38pm

خواتین میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر یو راج سنگھ کی قائم کردہ غیر سرکاری تنظیم (این جی او) نے جو مہم شروع کی ہے وہ ایک ذومعنی جملے کے باعث متنازع ہوگئی ہے۔

یورج راج سنگھ کی این جی او یو وی کین نے دہلی کی میٹرو ٹرین کی ایک بوگی میں کینسر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کا اشتہار لگایا ہے۔ اس میں خواتین سے کہا گیا ہے کہ سنگترے چیک کریں۔

یو راج سنگھ کی این جی او کو ذومعنی جملے والے اشتہار کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ دہلی میٹرو کے ایک مسافر نے اشتہار کا فوٹو کھینچ کر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپ لوڈ کردیا۔

اشتہار میں کہا گیا ہے کہ اپنے سنگترے مہینے میں ایک بار چیک کریں۔ سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے اشتہار کا انتہائی شرمناک، حیرت انگیز اور پریشان کن قرار دیا ہے۔

یہ اشتہار مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔ اشتہار میں ایک لڑکی ہاتھ میں سنگترے لیے کھڑی ہے جبکہ ایک خاتون نے کریٹ تھام رکھا ہے جس میں سنگترے ہیں۔

ایکس اکاؤنٹ کنفیوزیڈیس نے لکھا ہے کہ بریسٹ کینسر کے حوالے سے شعور کس طور بیدار کیا جاسکے گا اگر ہم بریسٹ کے لیے وہ لفظ استعمال نہ کریں جو ہے۔ پتا نہیں کون ہے جو اس نوعیت کی اشتہاری مہم تیار کرتا ہے اور کون منظوری دیتا ہے۔ یہ کون بے وقوف لوگ ہیں جنہوں نے ایسے پوسٹر کو عوام تک پہنچنے دیا۔ یہ سب کچھ بہت شرمناک اور پریشان کن ہے۔

اِسی ایکس یوزر نے یو راج سنگھ سے کہا کہ وہ اس شرمناک اشتہاری مہم کو فوراً منسوخ کریں۔ بہت سے لوگوں نے اپنے تبصروں میں یو راج سنگھ پر بھی شدید تنقید کی۔ یاد رہے کہ یو راج سنگھ نے کینسر کو شکست دی ہے اور اب وہ دوسروں کو بھی کینسر سے لڑنے کا حوصلہ دے رہے ہیں۔

دوسری طرف دی دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اشتہار کو متعلقہ بوگی سے ہٹادیا گیا ہے۔

Breast Cancer

YOUWECAN

YUV RAJ SINGH

ORANGES

APPALLING

EMBARASSING

DUBIOUS AD