Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان سے وکلا کی جیل میں ملاقات - باہر آکر انکشافات

بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، فیصل چودھری
اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2024 09:27pm
PTI lawyer press conference of meeting Imran Khan - Breaking - Aaj News

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلا کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف صرف ایک ہی کیس رہ گیا ہے، عنقریب بانی پی ٹی آئی عمران خان بھی جیل سے باہر ہوں گے، عمران خان نے قوم کو لڑنے کا پیغام دیا ہے۔

بشریٰ بی بی کی رہائی کے بعد پی ٹی آئی کے وکلا نے اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کی، جس میں شعیب شاہین نے کہا کہ جسٹس گل حسن کے حکم کی وجہ سے بشریٰ بی بی رہا ہوئی ہیں، بشریٰ بی بی کا سیاست سے بھی کوئی تعلق نہیں۔

شعیب شاہین نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج ایک بڑا فیصلہ کیا ہے، عدالت نے کہا وکلا سے ملاقات نہ کرنا انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے حوصلے بلند ہیں، ان کی وکلا اور اہل خانہ سے ملاقات کرانا لازمی تھا، ملاقاتوں پر پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

شعیب شاہین نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے سیل کی پانچ روز بجلی بند رہی،انہیں اخبار فراہم نہیں کیا جارہا، بانی پی ٹی آئی کو آج ایکسرسائز مشین دوبارہ فراہم کی گئی ہے۔

شعیب شاہین نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا جہاں قانون پر عملدرآمد نہ ہو وہاں عدم استحکام رہتا ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو ابھی تک ضمانت نہیں ملی، عنقریب بانی پی ٹی آئی بھی باہر ہوں گے۔

اس موقع پر وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے بانی پی ٹی آئی کو ریلیف فراہم کروائیں، بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ،ان سے تین ہفتوں میں یہ دوسری ملاقات ہے۔

فیصل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بتایا ڈیڑھ گھنٹے کے لیے سیل کا دروازہ کھولا جاتا یے، انہوں نے قوم کو لڑنے کا پیغام دیا ہے۔

فیصل چودھری کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو سہولیات کی درخواست صبح دائر کر رہا ہوں، بانی پی ٹی آئی نے آئینی ترمیم پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے عدلیہ پر حملہ قرار دیا ہے۔

imran khan

bushra bibi

Shoaib Shaheen