Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ رقم، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

100 انڈیکس ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، 100انڈیکس میں 1100 پوائنٹس اضافہ
شائع 25 اکتوبر 2024 06:09pm

پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے نوے ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرلیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور 100 انڈیکس میں 1100 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 90 ہزار پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا تھا اور انڈیکس 87 ہزار 553 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

واضح رہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں کئی دنوں سے کاروبار میں تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے اور 100 انڈیکس نئے ریکارڈ قائم کرتا جارہا ہے۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز 100 انڈیکس میں منفی رجحان

گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے کو ملی اور 100 انڈیکس نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 727 پوائنٹس کے اضافے سے 87 ہزار 194 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

بدھ کے دن بازار میں 69 کروڑ شیئرز کے سودے 26 ارب روپے میں طے ہوئے جب کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 66 ارب بڑھ کر 11 ہزار 418 ارب روپے رہی۔

آئندہ چند روز میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی، وزیراعظم

دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے مارچ 2024 سے اسٹاک مارکیٹ میں بتدریج اضافہ سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے۔

وزیر اعظم نے قوم کو مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ 14 برس بعد پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں ایسا تیز اضافہ معاشی ٹیم کی ان تھک محنت کا نتیجہ ہے، اسٹاک مارکیٹ میں مارچ 2024 سے اب تک 36 فیصد اضافہ ہوا، مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 6.9 فیصد پر آگئی، گزشتہ سہ ماہی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ریکارڈ 8.8 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مسلسل دو ماہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ہے، بجلی صارفین کے ریلیف کے لیے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی، آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کی لانگ ٹرم فسیلٹی معیشت میں مزید بہتری لے کر آئے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خواب چکنا چور ہو گئے، ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ریاست بچائی، آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں ہر محاذ پر بہتری آئی ہے، پر امید ہوں کہ آئندہ چند روز میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

PSX

stock market

pakistan stock exchange

Pakistan Stock Exchange (PSX)