Aaj News

ہفتہ, اکتوبر 26, 2024  
22 Rabi Al-Akhar 1446  

معروف وکیل نعیم بخاری کے نام سے بنے اکاؤنٹ سے شرمناک ٹویٹ، لوگوں کا شدید ردعمل

رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا جوان بیٹا شاہزیب کراچی میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا تھا
شائع 24 اکتوبر 2024 09:42am

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم بخاری کے نام سے بنے ایکس اکاؤنٹ سے ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی کے جوان بیٹے کی موت پر شرمناک ٹوئٹ کی گئی جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا جوان بیٹا شاہزیب کراچی میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا تھا۔ اس وقت رعنا انصار کو بیٹے کی موت کا علم ہوا تب وہ اسلام آباد میں تھیں۔

ادھر مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات نے رعنا انصار کے جوان بیٹے کی موت پر تعزیت کی۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر بنے پی ٹی آئی رہنما اور سینئر ایڈووکیٹ نعیم بخاری کے اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کی گئی۔

انہوں نے ابتدائی جملوں میں شاہزیب کے انتقال کی خبر دی اور پھر ایک شعر لکھا کہ ’جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے۔۔۔ یہ عبرت کی جا ہے تماشہ نہیں ہے‘۔

سوشل میڈیا صارفین نے نعیم بخاری کو ٹوئٹ کو ’شرمناک‘ قرار دیا ہے جس میں وہ جوان بیٹے کی موت پر ماں کو دلاسہ دینے کے بجائے شعر کے ذریعے نمک پاش کررہے ہیں۔

ایک خاتون صارف نے لکھا کہ ’تم جو کوئی بھی ہو، ہم سب اپنی زندگی میں کسی پیارے سے ہمیشہ کیلئے بچھڑنے کے درد سے لازمی گزرتے ہیں، یہ درد ہم سب کی زندگی میں آتا ہے۔۔۔ جب تم اس درد سے گزرو تو یہ الفاظ تمہاری تکلیف میں اضافے کا باعث بنیں‘۔

ایک صارف نے کہا کہ ’نعیم بخاری اس حادثاتی موت کو آئینی ترامیم اور سیاست سے جوڑ کر انتہائی خباثت اور ذلالت کا مظاہرہ کررہا ہے‘۔

ایک اور صارف نے کہا کہ حادثہ کسی کی زندگی میں کسی وقت بھی آسکتا ہے کسی بھی وقت ہم اپنے پیاروں سے جدا ہوسکتے ہیں تم جیسے بیمار ذہنیت کو جواب دینا بنتا تو نہیں ہے لیکن تم کو اوقات یاد دلانا بھی ضروری ہے۔