Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

آزاد جموں و کشمیر کا 77 واں یوم تاسیس ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے

یوم تاسیس کے موقع پر مظفرآباد میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی
شائع 24 اکتوبر 2024 09:29am

آزاد جموں و کشمیر کا 77 واں یوم تاسیس آج ملی جوش و خروش اور تجدید عہد کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

آزاد کشمیر کے 77 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مظفرآباد میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، اس موقع کی مناسبت سے صبح کا آغاز دعائیہ تقریبات سے ہوا، دعائیہ تقریبات میں پاکستان اور کشمیر کی سلامتی اور شہدا کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے 21 توپوں کی سلامی دی، توپوں کی سلامی کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر زندہ آباد کے نعرہ بھی لگائے گئے۔

یاد رہے کہ 24 اکتوبر 1947 کو ظالم ڈوگرہ حکمرانوں کے تسلط کے خلاف کشمیری مسلمانوں نے مسلح جدوجہد کر کے ریاست جموں و کشمیر کا ایک حصہ آزاد کروایا تھا، تاریخی لحاظ سے کشمیر میں مسلمانوں کے اکثریت تھی جبکہ 1947 میں کشمیر کے مہاراجہ ہری سنگھ نے کشمیر کا الحاق بھارت سے کر دیا تھا۔

بھارت کے قبضے کے خلاف کشمیریوں نے 1947 میں تحریک آزادی شروع کی اور مقامی رہنماوں نے اس علاقے کے لیے الگ شناخت اور حکومت قائم کرنے کی کوشش کی، 1947 میں کشمیری عوام اور قبائلی لشکر نے مل کر بھارتی افواج کے خلاف کھڑے ہونے کی جرات کی۔

24 اکتوبر 1947 کو کشمیریوں نے مظفر آباد میں اپنی حکومت کا اعلان کیا، یوم تاسیس 1947 کی وہ عظیم تاریخ کی یاد دلاتا ہے جب کشمیری عوام نے اپنی خود مختاری کا اعلان کیا، آزاد کشمیر کی جنگ آزادی میں کشمیری عوام نے بھارتی تسلط کے خلاف بھرپور مزاحمت کی۔

24 اکتوبر 1947 کو سردار ابراہیم خان کی قیادت میں آزاد حکومت قائم ہوئی، آزاد کشمیر حکومت کا قیام، مظلوم کشمیریوں کی فتح اور خودمختاری کی جانب یہ پہلا قدم تھا۔

ہر سال یوم تاسیس کے موقع پر کشمیر کی تاریخی جنگ آزادی کی یاد تازہ کی جاتی ہے، آزاد جموں و کشمیر حکومت کا قیام کشمیری عوام کے جذبے اور قربانیوں کا نتیجہ تھا، یوم تاسیس کشمیر کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے جب کشمیریوں نے آزادی کی راہ پر قدم بڑھایا تھا۔

azad kashmir

Muzaffarabad

Jammu and Kashmir

foundation day