Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بشریٰ بی بی باہر آکر پی ٹی آئی کو ٹیک اوور کرنے والی ہیں؟

ہمارے علم میں بشریٰ بی بی کے خلاف مزید کوئی کیس نہیں ہے، شیخ وقاص اکرم
شائع 23 اکتوبر 2024 10:32pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت اور ان کا جیل سے باہر ہونا عمران خان کیلئے تسلی کا سبب بنے گا۔ ان کے باہر آنے سے خان صاحب کی ایک پریشانی تو ختم ہوگی۔

آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائٹ وِد عامر ضیاء“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جن جج صاحب نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کرنی تھیں ’وہ اپنے دفتر کو لاک کرکے جنازے کے بہانے سے وہاں سے غائب ہوگئے‘۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ایک نہتی گھریلو خاتون سے حکومت کو اتنا ڈر اور خوف ہے، اتنی ان کی ٹانگیں کانپتی ہیں کہ بغیر کسی کیس کہ انہیں اڈیالہ جیل میں رہنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے علم میں بشریٰ بی بی کے خلاف مزید کوئی کیس نہیں ہے، ان کی سب کیسز میں ضمانت ہوچکی ہے۔

کیا بشریٰ بی بی رہائی کے بعد سیاست اور پی ٹی آئی میں کوئی فعال کردار ادا کریں گی؟ اس سوال کے جواب میں وقاص اکرم نے کہا کہ ’اس قسم کا کوئی عندیہ ابھی نہیں دیا گیا، نہ خان صاحب کی طرف سے اور نہ بشریٰ بی بی صاحبہ کی طرف سے‘۔

زین قریشی کے حوالے سے سوال پر وقاص اکرم نے بتایا کہ آئینی ترمیم کے دوران زین قریشی پارلیمنٹ میں نہیں دیکھے گئے تھے، مگر ہمیں بتایا گیا تھا کہ پارلیمنٹ میں ہی کسی جگہ لابی میں یا اوپر ایک پریزیڈنشل آفس بنا ہوا ہے ادھر بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم زین قریشی کو سنگل آؤٹ نہیں کرتے یہ چار آدمی ہیں، چاروں کے اوپر شوکاز میں یہ الزام ہے کہ جب آپ کو کہا گیا تھا کہ آپ خیبرپختونخوا میں متعین محفوظ جگہوں پر پہنچ جائیں اور فلانے بندے کی سوپرویژن میں چلے جائیں، تو جہاں باقی 70، 80 ایم ایز چلے گئے تھے آپ چار موصوف کو کیا تکلیف تھی کہ آپ نے پارٹی لیڈر کی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔

وقاص اکرم نے کہا کہ جو ہم تک خبریں آئیں ان کے مطابق یہ تمام اُن کے ساتھ رابطے میں تھے، انہیں لاکر اندر کہیں بٹھایا گیا تھا۔ آپ کے ووٹ کی ضرورت پڑی یا نہیں پڑی، ووٹ استعمال ہوا یا نہیں ہوا، لیکن اگر آپ ہمیں اس نیت سے چھوڑ کر گئے کہ آپ نے وہاں ووٹ کرنا تھا اور انہوں نے آپ کا ووٹ نہیں لیا تو ہمارے کاغذوں میں آپ گئے۔

bushra bibi

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Sheikh Waqas Akram