Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

3 بچوں کے بعد شوہر اپنی بیوی کا چچا نکلا، شادی ختم کرنی پڑ گئی

محمود نامی شوہر کی بیوی اس کے ماموں کی بیٹی تھی
شائع 23 اکتوبر 2024 06:57pm

مصر میں شادی ٹوٹنے کا ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں تین برس تک چلنے والی شادی کا اختتام ایک ایسی عجیب وجہ سے ہوا کہ سننے والوں کو یقین نہ آیا۔

عرب میڈیا کے مطابق شادی کے تین برس گزرنے اور تین بچوں کی پیدائش کے بعد شوہر اور بیوی کو اتفاقاً معلوم ہوا کہ ان کی شادی کالعدم ہے، کیونکہ 30 سالہ شوہر نے اپنی رضاعی بھتیجی سے شادی کر لی تھی۔

رپورٹ کے مطابق محمود نامی شوہر کی بیوی اس کے ماموں کی بیٹی تھی۔

چھ عرصہ پہلے دونوں کو یہ جان کر شدید جھٹکا لگا کہ ان کی شادی جائز نہیں اور انہیں اپنا نکاح فسخ کر دینا چاہیے۔

محمود کے ماموں (اس کی بیوی کے والد) نے بچپن میں کئی عرصے تک محمود کی والدہ کا دودھ پیا تھا۔ اس طرح وہ محمود کا رضاعی بھائی بن گیا۔ لہٰذا محمود اپنی بیوی کا رضاعی چچا بن گیا۔

مصر کے مشرقی صوبے میں سرکاری خاتون نکاح خواں امل سلیمان نے ”العربیہ“ کو دیے گئے بیان میں کہا کہ ’یہ مصر میں طلاق کی عجیب و نادر ترین صورتوں میں سے ایک ہے، جب ایک خاندانی بیٹھک میں اتفاقاً یہ معلوم ہوا کہ یہ شادی کالعدم ہے۔ تین برس ساتھ گزارنے اور تین بچوں کی پیدائش کے بعد شوہر اور بیوی دونوں کے لیے یہ انتہائی مشکل معاملہ تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’دار الافتاء سے رجوع کرنے پر یہ تصدیق ہو گئی کہ ان کی شادی کالعدم ہے۔ اس لیے کہ شوہر اپنی بیوی کا رضاعی چچا ہے اور ایسی صورت میں شادی جاری نہیں رہ سکتی‘۔

بچوں کی شرعی حیثیت کے حوالے سے خاتون نکاح خواں نے تصدیق کی کہ شرعاً یہ اپنے باپ سے ہی منسوب ہوں گے تاہم ازدواجی تعلق ختم کرنا واجب ہے۔

Divorce

Marriage End