Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

پروازوں میں بم کی دھمکیاں، بھارت ایکس اور میٹا پر برس پڑا

دہلی پولیس کو ایکس کے بعض یوزرز کی معلومات کے حصول میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا
شائع 23 اکتوبر 2024 06:17pm

پروازوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیوں پر مبنی کالز، ای میلز اور ٹیکسٹ میسیجز نے بھارتی حکام کا ناک میں دم کر رکھا ہے۔ مرکزی حکومت اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس اور میٹا پر برس پڑی۔

دہلی پولیس نے پروازوں کو بم سے اڑانے کی شرارت آمیز دھمکیوں کے حوالے سے آٹھ مقدمات درج کیے ہیں۔ دہلی پولیس نے دھمکیوں کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو استعمال کیے جانے سے متعلق بھی معلومات جمع کی ہیں۔

بھارت کی الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت، ایئر لائنس اور ایکس اور میٹا کے حکام کی ملاقات میں مرکزی حکومت کے نمائندوں نے دونوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شدید تنقید کی۔

حکومتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو شرارت آمیز جھوٹی دھمکیوں کے حوالے سے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ لوگوں کو یہ احساس ہو کہ اگر وہ حکومتی اداروں سے کھلواڑ کریں گے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

دہلی پولیس نے پروازوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دیے جانے پر ایکس کے چند اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں مگر جب پولیس حکام نے ایکس کے یوزر کے بارے میں جاننے کی کوشش کی تو اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

چوبیس گھنٹے میں 79 کے ساتھ بھارت میں آٹھ دن کے دوران 169 سے زائد پروازوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی جاچکی ہے۔ درجنوں پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔ تعدد پروازوں کی ہنگامی لینڈنگ کراکے خصوصی چیکنگ کرانا پڑی ہے۔ اس کے نتیجے میں ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

MODI SARKAR

HOAXES

THREAT TO AIRLINES

META AND X