Aaj News

پیر, اکتوبر 21, 2024  
18 Rabi Al-Akhar 1446  

وفاداریاں بدلنے والوں کو چھوڑیں گے نہیں، نام رات تک سامنے آجائیں گے، علی امین گنڈاپور

اسد قیصر کا 'بکنے اور غداری کرنے والے' پی ٹی آئی ایم این ایز اور سینیٹرز کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2024 11:07pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہمارے جتنے سینیٹرز اور ایم این ایز نے اپنے ضمیر کا سودا کیا اور بک گئے وہ سارے غدار ہیں، ان کی پارٹی رکنیت فوراً معطل کر دینی چاہئے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ وفاداریاں بدلنے والوں کو چھوڑا نہیں جائے گا۔

گزشتہ رات 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد اسد قیصر نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‏کل اندھیرے آئینی ترمیم کو غیرآئینی طریقے سے منظور کیا گیا، یہ ترمیم غیر اخلاقی اور اداروں کے درمیان مزید محاز آرائی کا سبب بنے گی، اس ترمیم کو اتنی جلدبازی سے پاس کرانے کی کیا ضرورت تھی۔

26 ویں آئینی ترمیم سے متعلق جسٹس منصور اور جسٹس عائشہ کے دلچسپ ریمارکس

اسد قیصر نے کہا کہ سب جانتے ہیں کس طرح ووٹ کو غیر آئینی طور پر خریدا گیا، ووٹ کو عزت دو والوں نے ووٹ کی بے حرمتی کی، ممبران پیسوں کے عوض بِک گئے، پارلیمنٹ کی بے توقیری کی گئی، چادر اور چار دیواری کی پامالی ہوئی، ترمیم کو سینٹ سے بھی غیر آئینی اورغیر قانونی طور پر پاس کیا گیا، خیبر پختونخوا فیڈریشن کی اکائی ہے جس کے سینیٹرزکی نمائندگی نہیں تھی، اس بل کو ایک نامکمل نمائندگی سے سینیٹ سے پاس کرایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول سے سوال ہے کہ کیا یہ پیپلزپارٹی کی جمہوریت ہے، ممبران کو خرید کر ڈرا دھمکا کر ان کی بہن بیٹیوں کو اٹھا کر ترمیم پاس کرائی گئی۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے جتنے سینیٹرز اور ایم این ایز نے اپنے ضمیر کا سودا کیا اور بک گئے وہ سارے غدار ہیں، بکنے والوں نے پارٹی کے ساتھ ساتھ بانی پی ٹی آئی اور قوم سے بھی غداری کی ہے، ان غداروں سے قوم خود حساب لے گی، اچھا ہے کہ پارٹی پر برا وقت ایا جس سے ہمیں ضمیر فروشوں کا پتا چل گیا، مجبوری کا کہنے والوں کو استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا، پارٹی کو ان غداروں کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہئے، ان کی پارٹی رکنیت فوراً معطل کر دینی چاہئے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹر جیتنے والے چار ایم این ایز نے قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دئے تھے، جبکہ شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا تھا کہ مزید ایم این ایز بھی غداری کیلئے تیار تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام ایم این ایز اور سینیٹرز خاص کر پنجاب کے ایم این ایز اور سینیٹرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو پارٹی اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے، بانی پی ٹی آئی کی لڑائی ان غیر آئینی قوتوں کے خلاف ہے جو ملک میں آئین و قانون اور عوامی مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی جنگ قانون اور آئین کی بالادستی کے لئے ہے، یہ ایک لمبی جدوجہد ہے جس میں ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا حوصلہ ہمت اور جرات اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ اس حق اور سچ کی جنگ ضرور جیتے گا اور پوری قوم اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

آج رات تک نام آجائیں گے کسی بندے کونہیں چھوڑیں گے،علی امین

اس حوالے سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جنہوں نے اپنی وفاداریاں بدلیں ان سے حساب لیں گے، ہم انہیں چھوڑیں گے نہیں، اتنے آرام سے ہضم نہیں ہونے دیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ جعلی مینڈیٹ والی حکومت نے عدلیہ پر حملہ کیا، مرضی کے بندے بٹھا کر فیصلےکریں گے تو ادارے آگے نہیں بڑھیں گے، رات کے اندھیرے میں ایک غیر آئینی اقدام کیا گیا، غیر آئینی ترمیم صرف اشرافیہ کو فائدہ دینے کے لیے کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج رات تک نام آجائیں گے کسی بندے کو نہیں چھوڑیں گے۔

جو غائب رہے اور ووٹ نہیں ڈالا ان کا کردار بھی مشکوک ہے، سلمان اکرم راجہ

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جن لوگوں نے غداری کی ان کے حوالے سے ابہام نہیں ہے، جو غائب رہے اور ووٹ نہیں ڈالا ان کا کردار بھی مشکوک ہے، ہماری اپنی تحقیق جاری ہے، جلد سب سامنے آجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے ہم سے رابطہ منقطع کیا ان سے بھی پوچھا جائے گا، زین قریشی بھی انہیں افراد میں شامل ہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جو سانحہ ہونا تھا وہ تو ہوگیا۔

Asad Qaiser

26th Constitutional Amendment