دہلی: فوجی اسکول پر بم حملے کی ذمہ داری خالصتان تحریک نے قبول کرلی
بھارتی دارالحکومت دہلی میں ایک فوجی اسکول میں ایک زور دھماکا ہوا جس کی ذمہ داری مشرقی پنجاب کی علیحدگی پسند خالصتان تحریک نے قبول کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی دہلی کے روہنی علاقے میں پیرا ملٹری فورس (سی آر پی ایف) کے باہر ایک زور دار دھماکہ ہوا، جس سے اسکول کی دیوار میں ایک بڑا سوراخ ہوگیا۔ پولیس نے اس واقعے کی اطلاع دینے والے شخص سے تفتیش شروع کردی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی پولیس اتوار کو پرشانت وہار میں صبح 7:40 پر ہونے والے دھماکے میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کی تحقیقات کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پیرا ملٹری فورس (سی آر پی ایف) کے اسکول کے قریب ہونے والے دھماکے کی گونج دور دور تک سنی گئی تاہم حملے میں کسی شخص کی ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آسکی۔
سوشل میڈیا ایپ ٹیلی گرام پر خالصتان جسٹس لیگ انڈیا کے نام سے بنے ہوئے اکاؤنٹ سے دہلی حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ویڈیو جاری کی گئی جس پر خالصتان زندہ باد کا واٹر مارک بھی لگا ہوا تھا، ساتھ ہی یہ پیغام بھی دیا گیا ہے کہ خالصتانی کارکنان کسی بھی وقت حملے کے لیے تیار ہیں۔
جسٹس لیگ انڈیا نے مزید کہا کہ اگر بھارتی بزدل ایجنسی اور ان کے آقا سمجھتے ہیں کہ وہ ہماری آواز کو کچلنے اور ہمارے اراکین کو نشانہ بنانے کے لیے اپنے گھٹیا غنڈوں کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں تو وہ احمقوں کی دنیا میں رہتے ہیں۔ وہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ہم ان کے کتنے قریب ہیں اور ہم کسی بھی لمحے حملہ کرسکتے ہیں۔ خالصتان زندہ باد۔
یہ پیغام سامنے آنے کے بعد بھارتی پولیس نے ٹیلی گرام سے رابطہ کرکے اس اکاؤنٹ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
Comments are closed on this story.