Aaj News

اتوار, اکتوبر 20, 2024  
16 Rabi Al-Akhar 1446  

ڈانسرز کیساتھ 12 کروڑ کا فراڈ، ریمو ڈیسوزا اور اہلیہ کیخلاف مقدمہ

ایک ڈانس گروپ نے ان کے خلاف مقدمہ درج کروایا، میڈیا رپورٹس
شائع 20 اکتوبر 2024 01:19pm

بھارتی کوریو گرافر ریمو ڈیسوزا اور ان کی اہلیہ لیزیل ڈی سوزا پر ڈانسرز کیساتھ 11 کروڑ روپے فراڈ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر میں ایک ڈانس گروپ کی جانب سے کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا اور انکی اہلیہ کے خلاف 11.96 کروڑ (تقریبا 12 کروڑ) روپے کی دھوکہ دہی کے الزام میں مقدمہ درج کروایا گیا ہے، پولیس نے بتایا کہ ہفتہ کو پانچ دیگر افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا۔

ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ 26 سالہ ڈانسر کی شکایت پر درج کیا گیا، میرا روڈ پولیس اسٹیشن میں 16 اکتوبر کو ریمو ان کی اہلیہ اور پانچ دیگر کے خلاف دفعہ 465 (جعل سازی)، 420 (دھوکہ دہی) اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

مذکورہ ایف آئی میں درج تفصیل میں بتایا گیا کہ شکایت کنندہ اور اس کے گروپ کے ساتھ 2018 سے جولائی 2024 کے درمیان مبینہ طور پر دھوکہ دہی کی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مقدمے میں کہا گیا کہ ڈانس گروپ نے ایک ٹیلی ویژن ڈانس شو میں پرفارم کر کے ایونٹ جیتا جبکہ ملزم نے مبینہ طور پر ایسا ظاہر کیا جیسے یہ گروپ ان کا ہے اور 11.96 کروڑ روپے کی انعامی رقم ہتھیا لی۔

اس معاملے کے دیگر ملزمان میں اوم پرکاش شنکر چوہان، روہت جادھو، فریم پروڈکشن کمپنی، ونود راؤت، ایک پولیس اہلکار اور رمیش گپتا شامل ہیں، پولیس نے بتایا کہ معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ معروف بھارتی ہدایتکار ریمو ڈیسوزا کوریوگرافر ہونے کے علاوہ 2009 سے کئی ڈانس ریئلٹی شوز میں جج کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔ وہ ڈانس انڈیا ڈانس، جھلک دکھلا جا، ڈانس کے سپر اسٹارز، ڈانس پلس، ڈانس چیمپئنز، انڈیاز بیسٹ ڈانسر، ڈی آئی ڈی جیسے شوز کے جج رہ چکے ہیں۔

accused

fraud case

Scams

remo d souza

12 crore