Aaj News

ہفتہ, اکتوبر 19, 2024  
16 Rabi Al-Akhar 1446  

پی ٹی آئی رہنماؤں کے الزامات، انتظامیہ نے عمران خان کو جیل میں دستیاب سہولیات گنوادیں

بانی پی ٹی آئی کو ب کلاس کے تحت سہولیات دی جا رہی ہیں، جیل حکام
شائع 19 اکتوبر 2024 07:18pm

پاکستان تحریک انصاف رہنماؤں کی پریس کانفرنس پراڈیالہ جیل انتظامیہ کا آفیشل موقف سامنے آگیا۔

جیل حکام کے مطابق بانی پی ٹی آئی کواڈیالہ جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی خوراک، مطالعہ، ورزش کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

جیل حکام نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے سیل میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی دی جاتی ہے، بی کلاس کے تحت بانی پی ٹی آئی کواپنا کھانا الگ سے پکانے کیلئے قیدی کک فراہم کیا، پروفیشنل قیدی کک ان کاناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا ان کی مرضی سے تیار کرتا ہے ۔

انھوں نے مزید بتایا کہ عمران خان ناشتے میں کافی، چیہ سیڈ، چکندر کا جوس، دہی، چپاتی، بسکٹ اورکھجوریں استعمال کرتے ہیں دوپہرکے کھانے میں کڑی پکوڑا، دیسی مرغی، دہی، چپاتی، سلاد، گرین ٹی، مٹن کھاتے ہیں جبکہ رات میں دلیہ، کوکونٹ، کوکونٹ جوس اور انگور وغیرہ کھاتے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق عمران خان کا کھانا اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے، جیل میں موجود ڈاکٹر عمران خان کا دن میں تین مرتبہ معائنہ کرتے ہیں، جبکہ عمران خان روزانہ 2 گھنٹے ورزش بھی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ یرسٹر گوہرنے دوران پریس کانفرنس الزام عائد کیا تھا کہ پانچ دن سے عمران خان سیل میں بجلی نہیں تھی، دو ہفتے سے انہیں کوئی اخبار نہیں ملا، انہیں دو ہفتے سے ٹی وی اور اخبار کی سہولت ہی نہیں، بانی پی ٹی آئی سیاسی صورتحال سے آگاہ نہیں تھے، انہیں ہمشیرہ کی گرفتاری سے متعلق بھی بتایا۔