Aaj News

ہفتہ, نومبر 30, 2024  
27 Jumada Al-Awwal 1446  

الخدمت فاؤنڈیشن کیلئے ملک و بیرون ممالک خدمات کے اعتراف میں اہم ایوارڈ سے نواز دیا گیا

خدمت خلق، انسانی حقوق، ادب اور صحافت میں نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا
شائع 19 اکتوبر 2024 04:59pm

الخدمت فاؤنڈیشن کو ملک و بیرون ممالک خدمات کے اعتراف میں ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کی جانب سے انسانی حقوق کے ایوارڈ سے نواز دیا گیا ہے، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبدالشکور نے ایوارڈ وصول کیا۔

چالیسویں ایس۔ ایم۔ ظفر ہیومن رائٹس ایوارڈ میں خدمت خلق، انسانی حقوق، ادب اور صحافت میں نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس موقع پر سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

40 ویں ہیومن رائٹس ایوارڈز تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں خدمت خلق، انسانی حقوق، ادب اور صحافت میں نمایاں کارکردگی اور خدمات سر انجام دینے والی شخصیات اور اداروں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

خدمت خلق کے شعبہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ ساتھ ادب میں عوامی شاعر شاکر شجاع آبادی اور صحافت میں ارشد شریف مرحوم کو بھی ایوارڈ دیا گیا جو اُن کی اہلیہ جویریہ صدیق نے وصول کیا۔

اس موقع پر صدر ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان سید عاصم ظفر، نائب صدر الیگزینڈر جان ملک، جاوید نواز، سیکرٹری جنرل ایم ۔ اے۔ شکوری، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن شہزاد شوکت، سینئر صحافی سہیل وڑائچ، صدر چیمبر آف کامرس میاں ابوذر اور ہمدرد سے علی بخاری سمیت ادبی، صحافتی، مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔

شرکاء اور منتظمین نے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔

اِس موقع پر محمد عبدالشکور نے ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کا کاشکریہ ادا کرتے ہوئے انسانی حقوق ایوارڈ کے بانی قانون دان ایس۔ ایم۔ ظفر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خالصتاَ انسانی بنیادوں پر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

الخدمت نے زلزلہ، سیلاب، کورونا سمیت پاکستان میں کسی بھی ناگہانی آفت میں اپنا موثر کردار ادا کیا ہے۔ الخدمت کے رضاکار ہمارا سرمایہ ہیں جو اپنی جان کو خطرات میں ڈال کر انسانی جانوں کو محفوظ بناتے ہیں، الخدمت نے ترکیہ کے حالیہ زلزلے میں حکومت ترکیہ کی دعوت پر وہاں خدمات سر انجام دیں، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔