Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے دورہ پاکستان کے بعد پہلی اچھی خبر

اب پاکستانی واہگہ بارڈر کے راستے دہلی روانہ ہوسکیں گے
اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2024 09:51am
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

اسلام آباد: سلسلہ چشتیہ کے معروف بزرگ، خواجہ نظام الدین اولیا، کے سالانہ عرس کے موقع پر بھارتی ہائی کمیشن نے 82 پاکستانی زائرین کو پانچ روزہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے ویزے جاری کر دیے ہیں۔ یہ زائرین ہفتے کو واہگہ بارڈر کے راستے دہلی روانہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستانی زائرین کو ہر سال عرس کے موقع پر ویزوں کے حصول کے لیے طویل انتظار اور کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ماضی میں بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے ویزے جاری نہ کرنے کی کئی مثالیں موجود ہیں، جس کی وجہ سے زائرین کی مذہبی رسومات میں شرکت متاثر ہوتی رہی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے تک بھی زائرین اسی طرح کی مشکلات کا شکار تھے، تاہم دو روز قبل انہیں لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی، جہاں آج انہیں ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ زائرین اور ان کے اہلخانہ اس موقع کو بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے حالیہ دورہ پاکستان کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ یہ ویزے جاری ہونا ایک مثبت پیشرفت ہے اور اس کے بعد چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان بھی بڑھتا ہے۔

یہ صورتحال نہ صرف زائرین کے لیے خوش آئند ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی علامت بھی سمجھی جا رہی ہے، جو کہ مذہبی ہم آہنگی اور ثقافتی تبادلے کی راہیں ہموار کر سکتی ہے۔

واضح رہے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اسلام آباد میں منقعد شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے 4 روز قبل پاکستان پہنچے تھے۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر پاک بھارت دو طرفہ ملاقات کو مسترد کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں وہاں بھارت اور پاکستان کے تعلقات پر بات کرنے نہیں جا رہا ہوں ایس سی او میں شرکت کیلئے جارہا ہوں۔

Jay Shankar