Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بشنوئی گینگ سلمان خان سے دشمنی ختم کرنے کیلئے رضامند، کتنی رقم کا مطالبہ کیا؟

واٹس ایپ پر ممبئی ٹریفک پولیس کو تاوان یا جرمانے کی رقم کا پیغام بھیجا گیا ہے، بالی وُڈ اسٹار کی سیکیورٹی بڑھادی گئی
شائع 18 اکتوبر 2024 05:09pm

راجستھان کی بشنوئی برادری سے تعلق رکھنے بشنوئی گینگ نے بالی وُڈ اسٹار سلمان خان سے دشمنی ختم کرنے کے لیے پانچ کروڑ روپے ( تقریباً 16 کروڑ 50 لاکھ پاکستانی روپے) کا مطالبہ کیا ہے۔

واٹس ایپ کے ذریعے بھیجے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ اگر سلمان خان نے یہ رقم ادا نہ کی تو اس کا انجام بابا صدیقی کے انجام سے بھی بُرا ہوگا۔ بابا صدیقی کو گزشتہ ہفتے ممبئی میں قتل کردیا گیا تھا۔ اور ساتھ ہی ساتھ سلمان خان کو بھی ایک بار پھر قتل کی دھمکی دی گئی تھی۔

گزشتہ روز نوی ممبئی کی پولیس نے لارنس بشنوئی گینگ کے ایک رکن کو گرفتار کیا تھا۔ بشنوئی گینگ نے سلمان خان سے پانچ کروڑ روپے کا ہرجانہ یا جرمانہ طلب کرنے کا نوٹس ممبئی ٹریفک پولیس کو بھیجا ہے۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو مذاق میں نہ لیا جائے۔ سلمان خان کو لارنس بشنوئی سے دشمنی ختم کرنے کے لیے پانچ کروڑ روپے ادا کرنا ہوں گے۔ ممبئی پولیس اس پیغام کے بھیجنے والے کو تلاش کر رہی ہے۔ اس دوران باندرہ میں سلمان خان کے اپارٹمنٹ کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔

گزشتہ روز نوی ممبئی پولیس نے بشنوئی گینگ کے سُکھبیر بلبیر سنگھ عرف سکھا کو ہریانہ کے شہر پانی پت سے گرفتار کیا تھا۔ سکھا بھی سلمان خان کے قتل کی سازش میں ملوث پایا گیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس نے گینگ کے چند دوسرے ارکان کو سلمان خان پر حملے کا کنٹریکٹ دیا تھا۔

گزشتہ روز ممبئی پولیس نے اس پورے معاملے میں پاکستان کے مبینہ اسلحہ ڈیلر ڈوگر کو بھی ملوث کرنے کی کوشش کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سلمان خان کے قتل کے لیے جدید ترین ہتھیار ڈوگر سے حاصل کرنے کے لیے بشنوئی گینگ نے اس سے رابطہ کیا تھا۔

Salman Khan

bishnoi gang

RS. 50 MILLION DEMANDED

ENDING ENMITY