Aaj News

جمعہ, اکتوبر 18, 2024  
14 Rabi Al-Akhar 1446  

کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کے فاتح نوح بٹ کا وطن پہنچنے پر شاندار استقبال

گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے نوح دستگیر بٹ کو شہریوں نے ہار پہنائے اور گلدستے بھی پیش کیے۔
شائع 18 اکتوبر 2024 02:59pm

کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے نوح دستگیر بٹ کا وطن واپس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

فیصل آباد ائیر پورٹ پر شہریوں کی بڑی تعداد نے نوح بٹ پر پھول کی پتیاں نچھاور کر کے انکا شاندار استقبال کیا، گولڈ میڈل وطن لانے پر شہریوں نے جیت کا بھرپور جشن مناتے ہوئے نوح بٹ کو ہار پہنائے اور گلدستے بھی پیش کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوح بٹ کا اولمپکس مقابلوں میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان کی اولمپکس کی تیاری تھی لیکن فیڈریشن کو انٹرنیشنل مقابلوں کی اجازت نہیں ہے، جس کی وجہ سے اولمپکس میں شرکت نہیں کر سکے۔

نوح بٹ کا کہنا تھا کہ وہ اگلے سال جرمنی میں ورلڈ کلاسک چیمپئن شپ بھی جیت کر دکھائیں گے تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپورٹس ادارے فیڈریشن کے معاملات کو جلدی حل کریں تاکہ وہ عالمی سطح پر مزید کامیابیاں سمیٹ سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ویٹ لیفٹنگ میں حصہ نہیں لینے دیا گیا لیکن پاور لفٹنگ میں 4 گولڈ میڈل جیتے ہیں اور وہ آئندہ ہونے والے مقابلوں میں بھی بھرپور محنت کر کے مزید ٹائٹل اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔