Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

’مجھ پر پریشر ہے‘، بی این پی سینیٹر نسیمہ احسان کا نم آنکھوں سے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کا اعلان

نسیمہ احسان سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2024 07:11pm

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کی سینیٹر نسیمہ احسان نے آئینی ترامیم کی حمایت میں ووٹ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔

سینیٹر نسیمہ احسان نے آج اچانک وزیراعظم کے ظہرانے میں شرکت کی۔

ظہرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نسیمہ احسان نے کہا کہ پارٹی نے ترمیم پر ووٹ نہ کرنے کا کہا ہے مگر جب بل لے آئیں گے تو دیکھا جائے گا، آج ہوگی ترمیم تو ووٹ کریں گے یا جب بھی ہوگی تو کریں گے، جب ترمیم ایوان میں آئے گی تو دیکھا جائے گا۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کے بیٹے کو اغوا کیا گیا ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ نہیں ایسا کچھ بھی نہیں ہے مگر کچھ معاملات ہیں، سب کو معلوم ہے مجھ پر پریشر ہے۔

اس کے بعد نسیمہ احسان نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کی جہاں وہ اظہار خیال کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔

انہوں نے سینیٹ اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے۔

سینیٹر نسیمہ احسان نے کہا کہ اگر مل بیٹھ کر بات کی جائے تو بہتر ہوگا کہ مسائل کا حل ہو، کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کا بیٹھ کر حل نہ نکالا جا سکے۔

جس پر چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ اگر آپ یہاں بات نہیں کر سکتیں تو چیمبر میں آئیں مجھ سے بات کریں۔

خواتین اراکین سینیٹ نے بھی سینیٹر نسیمہ احسان کو دلاسا دیا۔

جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے نسیمہ احسان کے آبدیدہ ہونے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس اسمبلی اس ایوان کے اراکین کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ کسی ماں بہن کے بچے کو اٹھا کر ووٹ لینے سے کیا حاصل ہوگا۔

کامران مرتضیٰ نے کہا کہ سردار اختر مینگل پارلیمنٹ سے مستعفی ہو چکے ہیں، اب اس خاتون بہن کو بھی اسی طرح ایوان سے نکالنا چاہتے ہیں، ہم بلوچستان والوں کو جینے دیا جائے، کل وہ گئے، آنے والے کل کوئی اور جائے گا، بچوں کو اغوا کر کے ووٹ نہیں لیا جا سکتا، آرام سے ووٹ لینے کی بات کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات اسلام آباد پولیس نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل کے پارلیمنٹ لاجز میں موجود فلیٹ پر چھاپہ بھی مارا تھا، اس وقت بی این پی کے قائم مقام صدر ساجد ترین لاجز میں موجود تھے۔

اختر مینگل نے دعویٰ کیا تھا کہ اسلام آباد سے ان کی پارٹی کے سینیٹر کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری اپنے ایک بیان میں اختر مینگل نے کہا کہ میری پارٹی کے سینیٹر قاسم رونجو اسلام آباد میں ڈائیلاسز کرانے گئے تھے جہاں سے انہیں بیٹے سمیت اغوا کرلیا گیا۔

اختر مینگل نے لکھا کہ اس کے علاوہ میری پارٹی کی سینیٹر نسیمہ احسان اپنے اپارٹمنٹ تک محدود ہیں، اور ان کے بیٹے کو بھی اغوا کرلیا گیا ہے۔

بی این پی سربراہ نے لکھا کہ اسلام آباد میں میرے اپارٹمنٹ پر بھی چھاپہ مارا گیا، ’کیا جمہوریت ایسی ہوتی ہے‘۔

BNP Mengal

proposed constitutional amendments

26th Constitutional Amendment

Senator Naseema Ehsan