Aaj News

جمعرات, اکتوبر 24, 2024  
20 Rabi Al-Akhar 1446  

جہازوں میں بم کی جھوٹی اطلاعات سے پریشان بھارت کا بڑا اقدام

کالرز کو نو فلائی لسٹ پر رکھنے اور پروازوں میں کمانڈوز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ
شائع 16 اکتوبر 2024 06:22pm

بھارت میں طیاروں میں بم کی افواہوں نے حکومت کا ناک میں دم کردیا ہے۔ تین دن میں بارہ پروازوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے جس کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرانا پڑی ہے۔

حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ بم کی افواہیں پھیلانے والوں کو نو فلائی لسٹ پر کھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جھوٹی اطلاعات سے بہت بڑی تعداد میں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

تین دن میں اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک کی بارہ پروازوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں ملی ہیں جو بوگس نکلیں۔ اس کے نتیجے میں انتظامی سطح پر غیر معمولی پیچیدگیاں پیدا ہوئی ہیں۔

حکومتی ذرائع نے انڈیا ٹوڈے ٹی وی کو بتایا کہ حکومت اس سلسلے کو روکنے کے لیے کئی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ بم کی افواہ پھیلانے والوں کے فضائی سفر پر پابندی کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

مسافروں کا تحفظ یقینی بنانے کی خاطر پروازوں پر تعینات کیے جانے والے اسکائے مارشلز کی تعداد بڑھانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

بدھ کو وزارتِ شہری ہوابازی، بیورو آف سول ایوی ایشن سیکیورٹی اور وزارتِ داخلہ کے حکام کی میٹنگ ہوئی جس میں پروازوں پر بم کی اطلاعات کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری ہوابازی کی وزارت بم کی جھوٹی اطلاع دے کر انتشار پھیلانے والوں کو شناخت کرنے کا میکینزم تیار کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مل کر کام کر رہی ہے تاکہ نو فلائی لسٹ کی توسیع کی جاسکے۔

بیرونی اور چند ایک حساس اندرونی پروازوں پر این ایس جی کمانڈو تعینات کیے جاتے ہیں۔ یہ لوگ اسکائے مارشل کہلاتے ہیں جو سادہ کپڑوں میں ہوتے ہیں اور بالعموم مسافروں کے درمیان سفر کرتے ہیں۔

بدھ کو دو پروازوں پر بم کی اطلاع دی گئی۔ ایک طیارہ آکاسا ایئر اور دوسرا انڈیگو ایئر لائن کا تھا۔ بعد میں پتا چلا کسی نے محض مذاق کیا تھا۔

BOMBS ON FLIGHTS

HOAXES

12 FLIGHTS IN 3 DAYS

MODI SARKAR ANNOYED