Aaj News

منگل, اکتوبر 15, 2024  
12 Rabi Al-Akhar 1446  

بلاول اور فضل الرحمان میں اتفاق، آئینی ترمیم پاس کروانے کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس طلب

پی ٹی آئی کا خصوصی اجلاس میں شرکت سے انکار
اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2024 08:58pm

آئینی ترامیم پر پیپلز پارٹی اور جے یو آئی میں اتفاق ہونے کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، تو دوسری جانب خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس میں مسودہ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ لیکن پی ٹی آئی نے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 26 ویں آئینی ترامیم 17 اکتوبر کو پاس کروائے جانے کا امکان ہے۔

جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری کا آئینی ترامیم کے مسودے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ فضل الرحمان آئندہ 24 گھنٹے میں نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ سینیٹر کامران مرتضی نے کہا تھا کہ 17 اکتوبر تک معاملات طے ہو جائیں گے۔

آئینی ترمیم کیلئے حکومت کا نمبر گیم پورا نہ ہوسکا؟ وفاقی کابینہ، سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا

گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کہہ چکے ہیں کہ آئینی ترمیم پر ہم آہنگی ہوگئی ہے اور آئینی ترمیم جے یو آئی کے ہاتھ میں ہے، آئین سازی ہوگی تو صرف ہمارے مسودے پر ہوگی، جے یو آئی کے مسودے کے علاوہ کسی اور آئین سازی کی اجازت نہیں دیں گے۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس طلب

اس تمام پیشرف کے بعد وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری صدر مملکت کو ارسال کردی گئی ہے۔ جس کے مطابق اجلاس 17 اکتوبر کو شام 4 بجے ہوگا۔

جے یو آئی کا مجوزہ آئینی مسودہ منظر عام پر آگیا

ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو آئینی ترمیم پربحث کا بھرپور موقع کیا جائے گا۔

اسی طرح سینیٹ اجلاس بھی 17 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے جو سہ پہر تین بجے ہوگا، سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا کل فائنل کیا جائے گا۔

آئینی ترامیم پر خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس

قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے کے بعد آئینی ترامیم پر خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بھی کل طلب کر لیا گیا جس میں مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

لیکن چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کل کے اجلاس میں شریک نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خصوصی کمیٹی کا بائیکاٹ نہیں کیا ہے، قیادت کے اسلام آباد میں نہ ہونے کے باعث شریک نہیں ہو پائیں گے۔

خصوصی کمیٹی کا اجلاس شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، کمیٹی چیئرمین خورشید شاہ اجلاس کی صدارت کریں گے، یہ اجلاس پہلے 17 اکتوبر کو طلب کیا گیا تھا۔

National Assembly

member national assembly

proposed constitutional amendments

26th Constitutional Amendment

Constitutional Amendments Draft