Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کی ڈاکٹروں سے ملاقات کروا دی گئی، کس حال میں ہیں؟

پی ٹی آئی کے ہر کارکن اور سپورٹر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بیرسٹر گوہر
اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2024 11:54pm
عمران خان کی 4 نومبر 2022 کو لاہور میں شوکت خانم ہسپتال میں پریس سے ملاقات کے دوران وہیل چیئر پر بیٹھے ایک تصویر: رائٹرز
عمران خان کی 4 نومبر 2022 کو لاہور میں شوکت خانم ہسپتال میں پریس سے ملاقات کے دوران وہیل چیئر پر بیٹھے ایک تصویر: رائٹرز

احتجاج مؤخر کرانے کیلئے حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا طبی معائنہ کرائے جانے کی بات ماننے کے بعد ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف اڈیالہ جیل پہنچ گئے اور عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔

پی ٹی آئی نے عمران خان کے طبی معائنہ کروانے کی شرط مانے کی بنیاد پر آج اپنا لاہور میں ہونے والا احتجاج مؤخر کیا تھا۔

حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کیلئے تیار ہوگئی تھی۔

چانسلر کا انتخاب اور بانی پی ٹی آئی کی شمولیت، آکسفورڈ یونیورسٹی بھی مشکل میں پڑگئی

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم یوسف بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے اور ان کا طبی معائنہ بھی کریں گے۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف کو تاحال ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔

ڈاکٹرعاصم سیکیورٹی عملے کو کوائف نوٹ کروا کر جیل عملے کو روانگی کا بتائے بغیر واپس چلے گئے۔

پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر تھری ایم پی او کے تحت گرفتار

کچھ دیر بعد ڈاکٹر عاصم یوسف واپس اڈیالہ جیل پہنچے۔

جس کے بعد چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ آج شام تقریباً چار بجے ایک ای این ٹی اور ایک طبی ماہر نے اڈیالہ جیل میں خان صاحب سے ملاقات کی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں کچھ دیر پہلے اطلاع ملی تھی کہ الحمدللہ خان صاحب خیریت سے ہیں اور آج انہوں نے ایک گھنٹہ ورزش کی ہے۔ ہم جلد ہی ڈاکٹرز سے میڈیکل رپورٹس حاصل کریں گے اور میں آپ کے ساتھ شیئر کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے ہر کارکن اور سپورٹر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو خان ​​صاحب کی صحت کے بارے میں فکر مند تھے۔

لیکن بانی پی ٹی آئی کی جو میڈیکل رپورٹ سامنے آئی اس میں دونوں ڈاکٹرز کے نام چھپا دیے گئے۔ جبکہ رپورٹ میں شوکت خانم کے بجائے پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کا ذکر کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا ساڑھے 4 بجے اڈیالہ جیل میں معائنہ ہوا، جس میں بانی پی ٹی آئی کو صحت مند پایا گیا، بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر بھی نارمل ہے، انہیں 5 روز سے معدے کی شکایت تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کو کئی ماہ سے ٹینیٹس کی شکایت ہے، انہوں نے کانوں میں سیٹیاں بجنے کے حوالے سے مزید کوئی شکایت نہیں کی۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے تو 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے۔

imran khan

adiala jail

Dr Aasim Yusuf