Aaj News

ہفتہ, اکتوبر 12, 2024  
08 Rabi Al-Akhar 1446  

ڈی چوک احتجاج کیس، علیمہ اور عظمی خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان عظمیٰ خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
شائع 12 اکتوبر 2024 04:03pm

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج کیس میں علیمہ خان اور عظمی خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

جج طاہر عباس سپرا نے ڈی چوک احتجاج کیس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے وکیل عثمان ریاض گل اورنیازاللہ نیازی پیش ہوئے۔

عثمان ریاض گل نے عدالت میں وڈیوچلانے کی استدعا کی عدالت نے کہا آپ ایک یوایس بی دے رہے ہیں، سب کو پتا ہے کہ اس ثبوت کی کیا قانونی حیثیت ہے، میں تفتیشی افسریا مجسٹریٹ نہیں یو ایس بی تفتیشی افسرکو دیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے پوچھا آپ کو ریمانڈ کیوں چاہیے؟ چھ دنوں میں کیا ریکوری کی ہے؟ پراسیکیوٹرراجہ نوید نے کہا جوسازش کی گئی ،اس تک پہنچنے کیلئے ریمانڈ درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان سے بارود اوردھماکا خیزمواد برآمد کرنا ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان عظمیٰ خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)