Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

15 اکتوبر کی اسلام آباد پر یلغار روکنے کیلئے پوری طاقت اور وسائل بروئے کار لائیں گے، خواجہ آصف

کالعدم بی ایل اے اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں، عظمیٰ بخاری
اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2024 04:43pm

سیالکوٹ: وفاقی حکومت نے 15 اکتوبر کو پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کے لیے پوری طاقت استعمال کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ساری سہولتیں عدلیہ نے دے رکھی ہیں اور ساری سہولت کاری عدلیہ کررہی ہے لیکن عدالتوں کو نظر نہیں آرہا بانی پی ٹی آئی ملک کی سالمیت کے ساتھ کیا کررہے ہیں لہٰذا عدلیہ کو 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال پر نوٹس لینا چاہیے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ صوبے کی تمام پاورز کو وفاق پر استعمال کیا گیا، ڈاکٹر اسراراحمد اور حکیم سعید نے کہا تھا کہ یہ اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں، انہوں نے دہشتگردی کی کبھی مذمت نہیں کی، انہوں نے اپنے دور حکومت میں ہزاروں کی تعداد میں دہشتگردوں کو بسایا ، ان کا کوئی بھی لیڈر دہشتگرد حملوں میں شہید ہونے والوں کے جنازے میں شرکت نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تباہی کا سامان بانی پی ٹی آئی نے مہیا کیا، بلوچستان میں کل بھی ایک واقعہ ہوا، ایک ہفتے قبل بھی واقعات ہوئے لیکن ان کا ایک ہی بیان تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے ، رہائی کے علاوہ ان کا کوئی مطالبہ نہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ شخصیات کا وجود آتا جاتا رہتا ہے، وجود تاقیامت قوموں کا رہتاہے، ان کے ذہنوں میں ایسے پاکستان کا وجود نہیں جس میں بانی پی ٹی آئی حکمران نہ ہو، شاندانہ گلزار نے کہا تھا کہ بانی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں، یہ اپروچ ہونی چاہیے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں مگر یہ ہر چیز کا حوالہ بانی پی ٹی آئی کو بنانا چاہتے ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی نے جیل سے ٹوئٹ کی، یہ ایسا شخص ہے جس کے کئی چہرے ہیں، ان کے پارٹی کے لوگوں نے کئی کئی جماعتیں بدلی ہوئی ہیں، جب یہ خود حکمران تھے تو انہوں نے کسی سے ملاقات کا حق دیا تھا؟ ہم جب قید تھے تو کیا ہمیں کسی پریس سے ملنے کا حق تھا؟ نواز شریف منتیں کرتے رہے ان کو ان کی اہلیہ سے بات نہیں کرنے دی گئی ۔

ان کا کہنا تھا کہ سازش 2014 کے دھرنے سے شروع ہوئی ، اس کے بعد 9 مئی ہوئی اور وفاق پر چڑھائی کی کوشش کی گئی یہ 9 مئی دوبارہ برپا کرنا چاہتے ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ ملک کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہو، وہ نہیں چاہتے کہ ملک کی معیشت بہتر ہو، ہماری عدالتیں سانس لینے پر سو موٹو لیتی رہیں، عدالتوں نے دھڑا دھڑ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دیا، جتنا ریلیف بانی پی ٹی آئی کو ملا، کسی سیاسی لیڈر کو نہیں ملا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عدالتوں کو نظر نہیں آرہا بانی پی ٹی آئی ملک کی سالمیت کے ساتھ کیا کررہے ہیں، عدالتوں کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے، ہمارا اس سب میں کوئی مفاد نہیں لیکن قومی مفاد میں عدالتوں کی ذمہ داری ہے کہ اس معاملے پر نوٹس لیں، عدلیہ کی تاریخ قابل رشک نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال دی ہے، یہ آگے بھی ہوسکتی ہے، 15 کو احتجاج کی کال ملک کی سالمیت پر حملہ ہے، اسلام آباد پر یلغار روکنے کے لیے ریاست کی پوری طاقت اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کسی قیمت پر پاکستان کی عزت کیخلاف اقدامات کی اجازت نہیں دیں گے، بانی پی ٹی آئی کو ساری سہولتیں عدلیہ نے دے رکھی ہیں، ساری سہولت کاری عدلیہ کررہی ہے، 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال پر اب تک نوٹس لے لینا چاہیے تھا، اگر نوٹس نہیں لیں گے تو تاریخ انہیں یاد رکھے گی۔

کالعدم بی ایل اے اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں، عظمیٰ بخاری

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کل ریاست کے خلاف اعلان جنگ کیا اور اپنے عمل سے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک دہشتگرد جماعت ہے، کالعدم بی ایل اے اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کا ایجنڈہ ملک میں فساد برپا کرنا ہے، پی ٹی آئی کا گانا ہے کہ ڈٹ کے کھڑا ہے کپتان، آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ یہ کپتان پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور دوسرے ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے خلاف ڈٹ کے کھڑا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بھارتی وزیرخارجہ کو اپنے احتجاج میں خطاب کرنے کی دعوت دی، تحریک فساد نے کل ریاست کے خلاف اعلان جنگ کیا، بھارتی وزیرخارجہ کو اپنے ایجنڈے کو سپورٹ کرنے کو کہا گیا، پی ٹی آئی کا کام صرف ملک میں فساد اور فتنہ پھیلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان ملک میں کم ہوتی مہنگائی کے خلاف ڈٹ کے کھڑا ہے۔ ’میں ہمیشہ کہتی رہی ہوں کہ پی ٹی آئی ایک دہشتگرد جماعت ہے جو وہ سچ ثابت کرتے رہے ہیں کہ جو میں کہہ رہی ہوں وہ غلط نہیں درست ہوتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اب جب ملک میں شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس ہونے جارہی ہے، عالمی وفود آ رہے ہیں تو تحریک فساد نے ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کردیا، پی ٹی آئی نے غزہ کانفرنس میں شرکت نہیں کی، انہوں نے بھارتی وزیرخارجہ کو احتجاج میں بلایا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال بھی نامعلوم جگہ سے آئی ہے، پی ٹی آئی نے اپنے لوگوں کو حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے،پی ٹی آئی کے ایم این ایز بھی ملک میں فساد کے حق میں نہیں۔ شنگھائی اجلاس کے موقع پر احتجاج کرنیوالا دستور اور پاکستان کا دشمن ہے، ایمل ولی

علاوہ ازیں اے این پی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر احتجاج کرنیوالا دستور اور پاکستان کا دشمن ہے۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی سے گزارش ہے ان کے خلاف وہی کارروائی کریں جو خیبرپختونخوا حکومت نے پی ٹی ایم کے خلاف کی۔ انکا کہنا تھا آئینی عدالت کا قیام ہمارا پرانا مطالبہ ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ترمیم میں خیبرپختونخوا کا نام صرف پختونخوا کیا جائے۔۔

تحریک انصاف جتھوں اورانتشارکی سیاست سے ملکی مفادات پرحملہ کررہی ہے، شیری رحمان

اس سے قبل نائب صدرپیپلزپارٹی شیری رحمان کا پی ٹی آئی کی 15اکتوبرکے احتجاج کی کال پرردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ہے کہ تحریک انصاف جتھوں اورانتشارکی سیاست سے ملکی مفادات پرحملہ کررہی ہے، غیرملکی اعلی سطحی وفود اورعالمی میڈیا کی موجودگی میں اسلام آباد میں تماشہ لگانا قابل مذمت ہے۔

نائب صدرپیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی 15 اکتوبرکوڈی چوک پراحتجاج کی کال پرکئی سوالات اٹھتے ہیں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دن ڈی چوک پراحتجاج سے کیا حاصل کرنا چاہتی ہے؟ تحریک انصاف جتھوں اورانتشارکی سیاست سے ملکی مفادات پرحملہ کررہی ہے۔

شیری رحمان نے مزید کہا کہ ملک کی کوئی بھی ذمہ دارسیاسی جماعت عالمی کانفرس کےدن احتجاج کی کال نہیں دیتی، تحریک انصاف عالمی دنیا کونہایت ہی منفی پیغام دی رہی ہے، تحریک انصاف چاہتی ہے کہ ملک میں کوئی بھی غیر ملکی وفد نہ آئے؟ ریڈ لائین کوئی شخص اوراس کی ذاتی سیاست نہیں ملک اور ملکی مفادات ہونے چاہئے۔

Pakistan People's Party (PPP)

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)