Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

صبا قمر پاکستان میں یونیسیف کی سفیر مقرر

بچوں اور نوجوانوں کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرتی ہوں، صبا قمر
شائع 12 اکتوبر 2024 01:17am

یونیسف نے بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر معروف اداکارہ صبا قمر کو پاکستان میں بچوں کے حقوق کی پہلی قومی سفیر مقرر کر دیا ہے۔

اس موقع پرصباقمر نے کہا کہ میرے لئے یونیسف کے مشن کا حصہ بننا بڑے اعزاز کی بات ہے، میں جہاں کہیں بھی جاؤں گی، سب بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمارے مشترکہ عزم کی حمایت میں کام کرتی رہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے حال ہی میں یونیسف کی ٹیم کے ہمراہ سفر کے دوران بچوں اور خواتین کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا اور یونیسف کی جانب سے اُٹھائے گئے موثر اقدامات کی بدولت ان مشکلات میں ہونے والی کمی کا بھی مشاہدہ کیا ہے۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں پاکستان کے بچوں اور نوجوانوں کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرتی ہوں تاکہ انہیں خواب دیکھنے اور خوابوں کی تعبیر کے لیے عمل پیرا ہونے کا موقع مل سکے۔

’کملی‘ اور ’ہندی میڈیم‘جیسی معروف فلموں سے بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والی صبا قمر یونیسف پاکستان کی قومی سفیر کی حیثیت سے اپنے بین الاقوامی پلیٹ فارم کو بچوں کے حقوق اوران کے مسائل جیسا کہ کم عمری کی شادی، ذہنی صحت، تعلیم کی کمی، صنفی مساوات، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور تشدد، استحصال اور غربت کے بارے میں شعور اُجاگر کرنے کے لئے استعمال میں لائیں گی۔

UNICEF

saba qamar