Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

مودی کا تحفہ، بنگلہ دیش میں کالی دیوی کا قیمتی تاج چوری

مودی نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران مارچ 2021 میں جیشورشوری مندر کو سونے اور چاندی سے بنا قیمتی تاج پیش کیا تھا۔
شائع 11 اکتوبر 2024 09:31am
—فوٹو: پریس انڈیا ٹرسٹ
—فوٹو: پریس انڈیا ٹرسٹ

بنگلہ دیش کے جیشور شوری مندر میں کالی دیوی کا قیمتی تاج چوری ہوگیا جو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بطور تحفہ دیا تھا۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق مودی نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران مارچ 2021 میں جیشورشوری مندر کو سونے اور چاندی سے بنا قیمتی تاج پیش کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق مندر کے پجاری دن کی عبادت کے بعد چلے گئے اور جب صفائی کا عملہ آیا تو کالی دیوی کے سر سے تاج غائب تھا۔

خاندان کے ایک رکن جیوتی چٹوپادھیائے نے جو کئی نسلوں سے مندر کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، بنگلہ دیشی میڈیا کو بتایا کہ قیمتی تاج سونے اور چاندی کا بنا ہوا تھا۔ چوری شدہ تاج عقیدت مندوں کے لیے ثقافتی اور مذہبی اہمیت کا حامل ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ستکھیرا میں واقع یہ مندر12ویں صدی کے آخر میں اناری نامی ایک برہمن نے بنایا تھا۔ اپنے دورے کے دوران پی ایم مودی نے کہا تھا کہ ہندوستان مندر میں ملٹی پرپز کمیونٹی ہال بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقامی لوگوں کے لیے سماجی، مذہبی اور تعلیمی تقریبات کے لیے مفید ہونا چاہیے اور یہ طوفان جیسی آفات کے وقت سب کے لیے پناہ گاہ کا کام کرے گا۔