Aaj News

جمعہ, اکتوبر 11, 2024  
07 Rabi Al-Akhar 1446  

کراچی میں آندھی: تاجر یونین کے صدر چھت سے گر کر جاں بحق

متوفی عمارت کی چھت پر سولر پلیٹس دیکھنے گیا تھا تیز آندھی کے سبب نیچے گرگیا، پولیس
اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2024 10:39pm

کراچی میں تیز آندھی کے باعث تاجر یونین کے صدر چھت سے گر کر جاں بحق ہوگئے۔

افسوس ناک واقعہ شاہ فیصل کالونی نمبر 2 شمع شاپنگ سینٹر کے قریب تیز ہواؤں کے باعث پیش آیا، مقامی تاجر 4 منزلہ عمارت کی چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 48 سالہ وسیم احمد کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی انسپکٹر عبدالحمید کھوکھر نے بتایا کہ متوفی شمع شاپنگ سینٹر کی یونین کا صدر تھا جو دوپہر میں تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے اپنی رہائشی 4 منزلہ عمارت کی چھت پر سولر پلیٹس کی دیکھنے گیا تھا۔

تیز ہواؤں کی وجہ سے اتفاقیہ طور پر بلندی سے گر کر جاں بحق ہوگیا جبکہ متوفی کی شمع شاپنگ سینٹر میں گارمنٹس کی دکانیں ہیں، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ہے۔