’کبھی میں کبھی تم‘ کے نازیبا سین پر سینسر بورڈ حرکت میں آگیا
مقبولیت کے ریکارڈ توڑتے پاکستانی ڈرامہ سیریل ”کبھی میں کبھی تم“ کے ایک نازیبا سین پر سینسر بورڈ حرکت میں آگیا ہے۔
حال ہی میں ڈرامے کے ہدایت کار بدر محمود نے ملیحہ رحمان کے شو میں بطور مہمان شرکت کی اور ڈرامے کے حوالے سے متعدد انکشافات کیے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ڈرامے کی کہانی لکھنے والی فرحت اشتیاق نے اپنی اسکرپٹ دینے کے بعد ڈرامے میں دو کرداروں کو نبھانے کے لیے اداکاروں کے نام خود دیے تھے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’فرحت اشتیاق کو شرجینا کا کردار نبھانے کے لیے ہانیہ عامر جبکہ عدیل کا کردار نبھانے کے لیے عماد عرفانی چاہیے تھے اور یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں اپنے پسندیدہ فنکار مل گئے‘۔
بدر محمود نے ڈرامے کے لیے شوٹ ہوئے کچھ ایسے سینز کا بھی ذکر کیا جن پر پاکستان سینسر بورڈ کی جانب سے پابندی لگائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ’قسط نمبر 25 میں ایک سین تھا جس میں فہد مصطفیٰ کے کندھے پر ہانیہ عامر کو لیٹے دکھایا گیا اور اس سین پر سینسر بورڈ کی جانب سے اعتراض کیا گیا‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے اس سین کو کٹ کرتے ہوئے سین پورا دکھانے کے بجائے فریم چھوٹا کر دیا جس سے اعتراض کی وجہ بننے والا سبب ختم ہو گیا‘۔
بدر محمود نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’ڈرامے میں یہ سین میاں بیوی کے درمیان دکھایا جا رہا ہے اور اس بات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سینسر بورڈ کو کچھ چیزیں چھوڑ دینی چاہئیں کیونکہ ہم گرل فرینڈ بوائے فرینڈ کے ریلیشن شپ نہیں بلکہ میاں بیوی کے درمیان محبت کا رشتہ دکھانا چاہ رہے ہیں‘۔
Comments are closed on this story.