Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نوری آباد پاورپلانٹ کیس: وزیراعلیٰ سندھ کی بریت سے متعلق فیصلے میں عدالت نے کیا کہا

نیب کی جانب سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست قابل جواز ہے، تحریری فیصلہ
شائع 10 اکتوبر 2024 12:45pm

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نوری آباد پاورپلانٹ کیس میں بری کر دیا، تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست قابل جواز ہے، نوری آباد پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سے مراد علی شاہ سمیت 17 ملزمان کو بری کیا جاتا ہے۔

احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر کو نوری آباد پاور پلانٹ کیس میں باعزت بری کرنے کا فیصلہ جاری کردیا۔

جج ناصرجاوید رانا کے تحریرکردہ فیصلے کے مطابق تحقیقات میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور دیگر کے ذاتی فائدہ اٹھانے کے کوئی شواہد نہیں ملے، ریفرنس نیب ایگزیکٹو میٹنگ کے سامنے 11 ستمبر کو رکھا گیا، ریکارڈ میں ایسا مواد بھی موجود نہیں جس سے پاور پراجیکٹ پر زیادہ لاگت لگائی گئی ہو، چیئرمین نیب کے پاس ٹرائل کے کسی بھی اسٹیج پر ریفرنس واپس لینے کے اختیارات موجود ہیں، سندھ نوری آباد پاور کمپنی سرکاری نجی شراکت داری کے تحت پہلا منصوبہ ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ نوری آباد پاور پلانٹ اپنے ڈیزائن کے مطابق بجلی مہیا کر رہا ہے، رپورٹ کے مطابق نوری آباد پاور پلانٹ 2019 سے اب تک منافع بخش منصوبہ ہے، نوری آباد پاور پلانٹ قومی خزانے میں ہر سال اپنا حصہ ڈال رہا ہے اور ٹیکس بھی ادا کر رہا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ نیب کی جانب سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست قابل جواز ہے، نوری آباد پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سے مراد علی شاہ سمیت 17 ملزمان کو بری کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نوری آباد پاور پروجیکٹ ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا تھا۔

عدالت نے ریفرنس واپس لینے کی چیئرمین نیب کی درخواست منظور کرلی تھی، جس کے بعد عدالت نے آج اپنا فیصلہ جاری کیا ہے۔

accountability court

CM Sindh

Murad Ali Shah

اسلام آباد

Syed Murad Ali Shah

noriabad power project reference