Aaj News

جمعرات, جنوری 02, 2025  
02 Rajab 1446  

وفاقی کابینہ نے 5 آئی پی پیز سے معاہدہ ختم کرنے کی منظوری دے دی

60 ارب روپے سالانہ بچت سے بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی، وزیراعظم کی کابینہ اجلاس سے گفتگو
شائع 10 اکتوبر 2024 03:53pm

وفاقی کابینہ نے 5 انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) سے معاہدہ ختم کرنے کی منظوری دے دی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تمام بقایہ جات کی بلاسود ادائیگی کی جائے گی، 60 ارب روپے سالانہ بچت سے بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی، ماضی میں سنگدل حکمران آیا جس نے کہا مہنگائی سے میرا کوئی سروکار نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 5 آئی پی پیز سے معاہدہ ختم کرنے کی منظوری دے دی جبکہ اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

آئی پی پیز سے مہنگی بجلی کی پیداوار کے معاملے پر وفاقی کابینہ نے بڑے فیصلے کیے ہیں، اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں تقریبا 2400 میگاواٹ صلاحیت کی 5 آئی پی پیز بند کرنے کی تجویز منظور کرلی گئی ہے، جس کے تحت آئی پی پیز میں1200میگاواٹ صلاحیت سے زیادہ کی حبکو کو بند کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 362میگاواٹ صلاحیت کی اے ای ایس لال کو بند کیا جائے گا، 224 میگاواٹ کی اٹلس پاور کو بھی بند کردیا جائے گا، اسی طرح 136میگاواٹ کی صبا پاور بھی بند ہو ہوگا، ساتھ ہی 450 میگاواٹ کی روش پلانٹ کو بھی بند کردیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد ان کمپنیوں کی بورڈ میٹنگز بلائی جائیں گی اور ان کمپنیوں کے بورڈز سے بھی کابینہ فیصلے پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔

معیشت کی بہتری کے لیے تیزی سے اقدامات کررہے ہیں، وزیراعظم

بعدازاں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہماری معیشت بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہے، سمندر پارپاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 7 ماہ میں جو مشکلات پیش آئیں، ان کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا، معیشت کی بہتری کے لیے تیزی سے اقدامات کررہے ہیں، خلوص نیت اور محنت سے کیے گئے کام کا اب اجر مل رہا ہے، صبر و استقامت سے معاشی چیلنجز کا سامنا کرنے پر عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھاکہ گرمی کے مہینوں میں 200 یونٹ تک بجلی کے گھریلو صارفین کو خصوصی ریلیف دیا، پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کو 50 ارب روپے کی رعایت دی، مہنگائی کی شرح 32 فیصد سے کم ہوکر 6.7 فیصد پر آگئی ہے، مہنگائی میں مزید کمی لانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف کے لیے طویل مدتی منصوبے بھی وضع کیے جارہے ہیں، بجلی کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے، وفاق اور صوبائی حکومتیں عوام کی مشکلات میں کمی کے لیے کوشاں ہیں، ماضی کے ایک سنگدل حکمران نے عوام کی مہنگائی کی چکی میں پیسا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے 7 ماہ کے عرصہ میں نوازشریف کی زیرسرپرستی دن رات کام کیا، نوازشریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے خصوصی تلقین کی، مہنگائی میں کمی کا وعدہ وقت سے پہلے پورا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ 5 آئی پی پیز نے قومی مفاد کو ذاتی مفاد سے مقدم رکھا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، حکومت کے بہتر اقدامات کی معاونت میں حلیف جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، اہداف کی تکمیل مشترکہ کاوشوں سے ہی ممکن ہے، پورٹس اینڈشیپنگ، ایف بی آر کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہیں۔

federal cabinet

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

Contracts with Saudi and Chinese companies