Aaj News

بدھ, اکتوبر 09, 2024  
06 Rabi Al-Akhar 1446  

کالعدم پی ٹی ایم کے ساتھ بیٹھنے والوں کے شناختی کارڈ بلاک کئے جائیں گے، وزیر داخلہ

یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ ریاست کے خلاف کام کریں اور ہم خاموش رہیں، محسن نقوی
شائع 09 اکتوبر 2024 06:53pm

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ملک میں کسی بھی صورت متوازی عدالتی نظام کی اجازت نہیں دے سکتے، کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے ساتھ بیٹھنے والوں کے شناختی کارڈ بلاک کئے جائیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی ایم کی جانب سے ریاستی اداروں اور پولیس کو گالیاں دی گئیں، ہمیں جرگے پر اعتراض نہیں، لیکن عدالت قائم نہیں کی جاسکتی۔

محسن نقوی نے کہا کہ وزارت داخلہ نے پی ٹی ایم پر پابندی عائد کی ہے، ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو لانا جرگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت حقوق کی بات کرنے والوں کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہے، لیکن پی ٹی ایم کے ساتھ بیٹھنے والوں کے شناختی کارڈ بلاک کریں گے، ہم کسی کو بھی بندوق اٹھانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی ایم کا ایک دو سیاسی جماعتوں نے بھی ساتھ دیا تھا، پاکستان میں کسی کو فساد کی اجازت نہیں دی جاسکتی، کسی بھی صورت میں فسادی کو معافی نہیں دی جاسکتی، یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ گالی دیں اور ریاست خاموش رہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ ریاست کے خلاف کام کریں اور ہم خاموش رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف کسی کام کی اجازت نہیں دی جاسکتی، یہ جاننا ضروری ہے کہ پی ٹی ایم پر کیوں پابندی لگائی گئی، ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی گرفت سخت ہوگی، ان کے ساتھ تقریباً ہر جماعت کے نمائندوں نے ملاقات کی، ہمیں ملاقات سے مسئلہ نہیں ہے، مسئلہ سپورٹ کرنے سے ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی ایم کی ڈاکیومنٹری بھارتی کمپنی نے بنائی، پی ٹی ایم پر پابندی حکومت کی جانب سے لگائی گئی ہے۔

mohsin naqvi

PTM Jirga

PTM Ban