Aaj News

بدھ, اکتوبر 09, 2024  
05 Rabi Al-Akhar 1446  

امریکی صحافی کی کتاب میں بائیڈن کی نیتن یاہو سمیت عالمی رہنماؤں کو گالیاں

'نیتن یاہو ٭٭٭ کا بچہ ہے، پیوٹن شیطان ہے'
شائع 08 اکتوبر 2024 10:17pm

امریکی صحافی نے صدر جو بائیڈن کی مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات پر غلطیوں کے اعتراف سے بھرپور اپنی ایک نئی کتاب جاری کی ہے، جس میں بائیڈن کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر کی گئی تنقید بھی شامل ہے۔

امریکی صحافی باب ووڈورڈ کی اس دھماکہ خیز نئی کتاب میں صدر جو بائیڈن کی مشرق وسطیٰ میں تنازعات کو بڑھنے سے روکنے کے لیے ان کی جدوجہد کا ذکر کیا گیا ہے، کتاب میں اسرائیل اور حماس کو جنگ بندی تک پہنچانے کی ناکام کوششوں پر وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ناراضگی بھی شامل ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ”سی این این“ کے مطابق، ووڈورڈ نے بائیڈن کی جانب سے ذاتی اور سیاسی چیلنجوں پر گفتگو کے دوران بار بار دی گئی گالیوں کا بھی ذکر کیا۔

ووڈورڈ لکھتے ہیں کہ جب غزہ میں اسرائیل کی جنگ میں شدت آئی تو بائیڈن نے 2024 کے موسم بہار میں اسرائیلی وزیر اعظم کے بارے میں اپنے ایک ساتھی کے سامنے نجی طور پر بات کرتے ہوئے کہا، ”وہ ٭٭٭ کا بچہ، بی بی نیتن یاہو، وہ ایک برا آدمی ہے۔ وہ ٭٭٭ برا آدمی ہے!“۔

بائیڈن نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو ”برائی کا مظہر“ قرار دیا، نیتن یاہو کو ”جھوٹا“ قرار دیا اور کہا کہ انہیں امریکی اٹارنی جنرل کے طور پر میرک گارلینڈ کو ”کبھی نہیں چننا چاہیے تھا“۔

ووڈ ورڈ نے لکھا کہ روس کے یوکرین پر حملے کے کچھ ہی عرصہ بعد بائیڈن نے اوول آفس میں مشیروں سے کہا ”یہ ٭٭٭ پوٹن“۔ ”پیوٹن شیطان ہے، ہم برائی کے مظہر سے نمٹ رہے ہیں۔“

کتاب کے مطابق، اپریل میں ہونے والی ایک فون کال کے دوران، بائیڈن نیتن یاہو پر بھڑک بھی اٹھے تھے۔

ووڈورڈ کے مطابق بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے پوچھا سے پوچھا، ”تمہاری حکمت عملی کیا ہے، یار؟“ نیتن یاہو نے جنوبی غزہ کے ایک شہر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں رفح جانا ہے۔

بائیڈن نے جواب دیا ”بی بی، تمہارے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے“۔

Vladimir Putin

President Joe Biden

Benjamin Netanyahu