Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بٹگرام سب جیل میں لڑکی سے جنسی زیادتی، سپرنٹنڈنٹ معطل

انکوائری کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی
شائع 07 اکتوبر 2024 05:37pm

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے بٹگرام سب جیل میں زیر حراست لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

علی امین گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو واقعے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سپرنٹنڈنٹ سب جیل بٹگرام شہریار کو عہدے سے ہٹا کر معطل کردیا گیا۔

محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے اس سلسلے میں اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق شفاف انکوائری کے لیے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ہزارہ ڈویژن اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ پر مشتمل ہے۔

کمیٹی دو دنوں میں معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی روشنی میں زیادتی کے مبینہ واقعے کے مرتکب عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مبینہ واقعے کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور متاثرہ لڑکی کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔

Battagram Sub Jail

Prisoner rape