Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی

بھارت نے ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا
شائع 06 اکتوبر 2024 06:26pm

آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے 106 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو جیت کیلئے 106 رنز کا ہدف دیا تھا۔

متحدہ عرب امارات کے دبئی اسٹیڈیم میں میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے مقررہ 20 اورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے تھے۔

دونوں ٹیموں کا میگا ایونٹ میں یہ دوسرا میچ تھا، پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کا ایونٹ میں اپنا فاتحانہ آغاز کیا تو دوسری جانب بھارت کو نیوزی لینڈ سے بھاری مارجن سے شکست ہوئی تھی۔

میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی، گرین شرٹس نے بیٹنگ بولنگ کی مشقیں کیں اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی، تاہم قومی ٹیم کو آج کے میچ میں فاسٹ بولر ڈیانا بیگ کا ساتھ حاصل نہیں ہے۔

ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ بھارت کے خلاف مقابلے کیلیے پُرجوش ہیں اور میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ فاسٹ بولر ڈیانا بیگ انجری کے باعث آج کا میچ نہیں کھیل رہیں، ان کی جگہ عروبہ شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اب تک کے پاک بھارت ٹاکروں میں بھارتی ویمنز ٹیم کو برتری حاصل رہی ہے، دونوں ٹیموں نے اب تک 15 میچز کھیلے ہیں، جن میں سے 12 میچز میں بھارت کو فتح حاصل ہوئی۔

India vs Pakistan

ICC Women's T20 World Cup