Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی وزیر خارجہ سے متعلق بیرسٹر سیف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، بیرسٹر گوہر

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سمیت کسی غیر ملکی کو اجازت نہیں کہ وہ ہمارے معاملات پر تبصرہ کرے، بیرسٹر گوہر
شائع 05 اکتوبر 2024 03:04pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ بیرسٹر سیف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، بھارتی وزیر خارجہ جے شناکر کا پی ٹی آئی کی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے ایک بیان میں خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کے بیان سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سمیت کسی غیر ملکی کو اجازت نہیں کہ وہ ہمارے معاملات پر تبصرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سیف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جے شنکر کا پی ٹی آئی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں ہے جب کہ بھارت سے متعلق پی ٹی آئی پالیسی 27 سالہ جدوجہد میں کبھی تبدیل نہیں ہوئی۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان کی بھارت سے 70 سالہ پالیسی ہی پی ٹی آئی پالیسی کی بیک بون ہے جب کہ پی ٹی آئی کی سیاسی جدوجہد میں کسی بھی ملک بشمول ہندوہستان کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج پاکستانیوں کا آئینی حق ہے۔

واضح رہے کہ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو پی ٹی آئی کے دھرنے میں شرکت کی دعوت پر حکومتی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں نے بیرسٹر سیف کے بیان سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے شنکر کا پی ٹی آئی کی سیاسی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

گزشتہ روز بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور پی ٹی آئی کے دھرنے میں شامل ہوں اور پاکستان میں آئین کی بحالی کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔

barrister saif

Jay Shankar

Barrister Gohar Ali Khan